نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کو جوجری-بانڈی-لونی دریائی نظام میں آلودگی کے معاملے میں ’’سستی‘‘ برتنے پر راجستھان حکومت کو سخت پھٹکار لگائی۔ عدالت عظمیٰ نے حکام کو ان کی ’’کمبھ کرن کی نیند‘‘ سے جگانے کے لیے سخت قدم اٹھانے کی وارننگ بھی دی۔ جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس سندیپ مہتا کی بنچ نے کہا کہ اگر ریاستی حکام نے اس معاملے میں کارروائی نہیں کی تو سپریم کورٹ ان کے خلاف ازخود نوٹس لیتے ہوئے توہین عدالت کی کارروائی شروع کر سکتی ہے۔
راجستھان حکومت کی جانب سے پیش ہونے والے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو سے بنچ نے کہا، ’’آپ حکومت کو بہتر طریقے سے مشورہ دیں اور اسے زمینی سطح پر کام کرنے کے لیے کہیں، تاکہ اسے اس عدالت کی ناراضی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘‘ بنچ نے سخت ناراضی ظاہر کرتے ہوئے کہا، ’’وہ (حکام) کچھ کرنا ہی نہیں چاہتے۔ انہیں نیند سے جگانے کے لیے ہمیں یقیناً کوئی سخت قدم اٹھانا پڑے گا۔ ہم سرخ فیتہ شاہی یا نوکر شاہی کی رکاوٹوں کی وجہ سے اس معاملے کو یونہی نہیں جانے دیں گے۔ اگر وہ نیند سے بیدار ہوکر کارروائی نہیں کریں گے تو ہم ان کے خلاف سخت قدم اٹھائیں گے۔‘‘ سپریم کورٹ جوجری دریا میں آلودگی سے متعلق معاملے کی ازخود نوٹس لے کر سماعت کر رہی ہے۔
بنچ نے بانڈی اور لونی دریاؤں میں آلودگی کے معاملے کو بھی سنجیدگی سے لیا ہے۔ جوجری دریا جودھپور سے ہوکر گزرتا ہے، جبکہ بانڈی دریا پالی اور لونی دریا بالوترا سے ہوکر بہتا ہے۔ بانڈی اور جوجری دریا بالوترا شہر کے قریب لونی دریا میں جا ملتے ہیں۔ اس معاملے میں عدالت کی معاونت کر رہے سینئر وکیل بلبیر سنگھ نے جمعہ کو سماعت کے دوران سپریم کورٹ کے 26 اکتوبر کے حکم کا حوالہ دیا۔ انہوں نے عدالت کی اس ہدایت کا ذکر کیا جس میں ریاستی حکومت کو دریائی ماحولیاتی نظام کے آس پاس یا اس کے قریب نئی صنعتی تنصیبات قائم کرنے کی اجازت دینے سے روک دیا گیا تھا۔
یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک سیلاب کی بلند ترین سطح اور بفر زون کا سائنسی طریقے سے تعین نہیں کر لیا جاتا۔ جب سینئر وکیل نے اس معاملے میں ریاستی حکومت کے جواب کا ذکر کیا تو بنچ نے تبصرہ کیا، ’’یہ مکمل طور پر ناقص کارروائی کا معاملہ ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ کی 26 اکتوبر کی ہدایت کے مطابق ریاستی حکومت نے لونی، جوجری اور بانڈی دریاؤں اور ان کی معاون ندیوں کو متاثر کرنے والی منظم غیر قانونی بجری کان کنی کی وسیع پیمانے پر تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عدالت میں داخل کی گئی صورتحال سے متعلق رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں کچھ ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہیں۔ اس پر ریاستی حکومت کی جانب سے پیش ہونے والے قانونی افسر نے بنچ کو بتایا کہ ریاستی حکام نے اس معاملے میں کیا کارروائی کی ہے۔ سپریم کورٹ نے بالوترا میں پینے کے پانی کی شدید قلت کا معاملہ بھی اٹھایا۔ بنچ نے سوال کیا، ’’حکومت اس علاقے میں رہنے والے لاکھوں لوگوں کو پینے کا پانی فراہم کرنے کے لیے پائپ لائن کیوں نہیں بچھا سکتی؟‘‘
سپریم کورٹ نے اس مقصد کے لیے نرمدا نہر سے تقریباً 100 کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھانے کی تجویز دی۔ بنچ نے کہا، ’’اگر مرکزی اور ریاستی حکومت مل کر یہ کام کر سکتی ہیں تو یہ اس علاقے کے لوگوں کے لیے انتہائی قابل تعریف قدم ہوگا۔‘‘ سپریم کورٹ نے اس معاملے میں حکم جاری کرنے کے لیے اگلی سماعت کی تاریخ 10 دسمبر مقرر کی ہے۔