غیر ملکی میڈیکل گریجویٹس کو وظیفہ نہ ملنے پر سپریم کورٹ کا جواب طلب

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 17-09-2026
غیر ملکی میڈیکل گریجویٹس کو وظیفہ نہ ملنے پر سپریم کورٹ کا جواب طلب
غیر ملکی میڈیکل گریجویٹس کو وظیفہ نہ ملنے پر سپریم کورٹ کا جواب طلب

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات کو نیشنل میڈیکل کمیشن (این ایم سی) سے حلف نامہ داخل کرکے یہ بتانے کو کہا کہ غیر ملکی اداروں سے میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے والے گریجویٹس کو بعض کالجوں میں وظیفہ کیوں نہیں دیا جا رہا ہے۔ جسٹس اروند کمار اور جسٹس وپل ایم پنچولی کی بنچ نے راجستھان حکومت کو ہدایت دی کہ وہ دو ہفتے کے اندر طلبہ کو وظیفہ جاری کرے۔

سپریم کورٹ نے خبردار کیا کہ حکم پر عمل نہ ہونے کی صورت میں ریاست کے سکریٹری کو عدالت میں طلب کیا جائے گا۔ سماعت کے دوران درخواست گزاروں کی جانب سے پیش وکیل تنوی دوبے نے ایک چارٹ پیش کیا، جس میں بتایا گیا کہ بعض کالج غیر ملکی میڈیکل گریجویٹس کو کوئی وظیفہ نہیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این ایم سی کا ایک سرکلر موجود ہے، جس میں ہندوستانی اور غیر ملکی میڈیکل گریجویٹس کے ساتھ یکساں سلوک کرنے کی بات کہی گئی ہے۔

تنوی دوبے نے کہا کہ اس کے باوجود بیشتر ریاستوں میں غیر ملکی اور ہندوستانی میڈیکل گریجویٹس کو وظیفہ دینے کے معاملے میں مساوات نہیں برتی جا رہی ہے، حالانکہ دونوں ایک ہی نوعیت کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور یکساں اوقات میں کام کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ نے اس معاملے کو اب دو ہفتے بعد سماعت کے لیے فہرست میں شامل کیا ہے۔

اس سے قبل این ایم سی نے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ ملک کے 756 میڈیکل کالجوں میں سے سات کالج انٹرن، جونیئر ریزیڈنٹ یا سینئر ریزیڈنٹ کو وظیفہ نہیں دے رہے ہیں اور ان کالجوں کو ’وجہ بتاؤ نوٹس‘ جاری کیے گئے ہیں۔ سپریم کورٹ میڈیکل گریجویٹ ابھیشیک یادو اور دیگر کی جانب سے دائر اس عرضی پر سماعت کر رہی تھی، جس میں میڈیکل طلبہ کو وظیفہ ادا کرنے کی ہدایت دینے کی درخواست کی گئی ہے۔