نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کے روز چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو معطل کرنے کے لیے کوئی عبوری حکم جاری کرنے سے انکار کردیا۔ ان کے خلاف الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا میں دیگر دو الیکشن کمشنروں کی رضامندی کے بغیر یکطرفہ طور پر فیصلے کیے۔چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی میں بنچ نے ان الزامات پر الیکشن کمیشن آف انڈیا سے جواب طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کردیا۔
عدالت نے عندیہ دیا کہ اگر الیکشن کمیشن کے جواب کا جائزہ لینے کے بعد یہ پایا گیا کہ کچھ فیصلے مطلوبہ اتفاق رائے کے بغیر چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے کیے گئے تھے تو عدالت ان فیصلوں پر دوبارہ غور کرسکتی ہے یا انہیں واپس لے سکتی ہے۔عدالت نے کہا کہ نوٹس جاری ہونے کے بعد اگر وہ آکر یہ ثابت کرتے ہیں کہ فلاں فلاں فیصلے اتفاق رائے کے بغیر کیے گئے تھے تو ہم ان فیصلوں کو واپس لے لیں گے۔
سپریم کورٹ میں یہ سماعت انتخابی فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی یعنی ایس آئی آر کے معاملے میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کے خلاف دائر درخواستوں پر ہورہی تھی۔ ایک درخواست میں الیکشن کمیشن کے کام کرنے کے طریقہ کار کو چیلنج کرتے ہوئے الزام عائد کیا گیا تھا کہ کثیر رکنی آئینی ادارے کے طور پر الیکشن کمیشن کو حاصل اختیارات قانون کے تحت مقرر اجتماعی فیصلہ سازی کے طریقہ کار پر عمل کیے بغیر استعمال کیے جارہے ہیں۔
اس سے قبل پیر کے روز سپریم کورٹ کے جسٹس اجل بھویان کے ان خیالات کے بعد جن میں انہوں نے ووٹروں کو مبینہ طور پر من مانی طریقے سے حق رائے دہی سے محروم کیے جانے پر تشویش کا اظہار کیا تھا کانگریس کے سینئر رہنما جے رام رمیش نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے فوری استعفے کا مطالبہ کیا۔جے رام رمیش نے الزام عائد کیا کہ سپریم کورٹ کے جج نے چیف الیکشن کمشنر کو پوری طرح بے نقاب کردیا ہے۔
کانگریس رہنما نے دعویٰ کیا کہ چیف الیکشن کمشنر ملک کے لیے ایک بوجھ بن چکے ہیں اور الزام لگایا کہ وہ غیر قانونی احکامات پر عمل درآمد کررہے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں جے رام رمیش نے لکھا کہ جسٹس اجل بھویان نے حیدرآباد میں اپنی تقریر کے دوران چیف الیکشن کمشنر کو پوری طرح بے نقاب کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر گیانیش کمار میں ذرا بھی شرم ہے تو انہیں فوری طور پر عہدے سے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ جے رام رمیش نے الزام لگایا کہ گیانیش کمار کی جانب سے مبینہ طور پر غیر قانونی احکامات پر عمل درآمد کی صلاحیت اب انہیں ملک کے لیے بوجھ بنا چکی ہے۔
جے رام رمیش کا یہ سخت ردعمل اتوار کے روز حیدرآباد میں 19ویں نلسار بی آر ایس موٹ کورٹ مقابلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کے دوران جسٹس اجل بھویان کی جانب سے دیے گئے بیان کے بعد سامنے آیا۔
سپریم کورٹ کے جج نے کہا تھا کہ ایسا کوئی بھی طریقہ کار جس کے نتیجے میں لاکھوں شہریوں کو حق رائے دہی سے محروم کردیا جائے اور لوگوں کو ووٹ دینے کے حق سے محروم کرکے اپنے ہی ملک میں دوسرے درجے کا شہری بنا دیا جائے وہ بنیادی طور پر من مانی ہے۔
جسٹس بھویان نے کہا تھا کہ اگر کوئی عمل لاکھوں اور لاکھوں شہریوں کو حق رائے دہی سے محروم کردے اور انہیں اس لحاظ سے اپنے ہی ملک میں دوسرے درجے کا شہری بنا دے کہ ان کے پاس ووٹ دینے کا حق نہیں ہے تو ایسا عمل بنیادی طور پر من مانی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ کسی بھی قسم کی غیر متعلقہ دلیل اس کا جواز پیش نہیں کرسکتی کیونکہ یہ آئین کی روح پر براہ راست ضرب ہے۔
جسٹس بھویان کے یہ ریمارکس الیکشن کمیشن آف انڈیا اور انتخابی فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی کے معاملے پر جاری تنازع کے پس منظر میں سامنے آئے ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے استعفے کا مطالبہ کررہی ہیں۔
اتوار کے روز انڈین یوتھ کانگریس نے بھی گیانیش کمار کے خلاف احتجاجی مارچ کیا۔ یہ مارچ رئیسینا روڈ سے جنتر منتر کی جانب نکالا گیا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت چیف الیکشن کمشنر کو تحفظ فراہم کررہی ہے اور ان کے فوری استعفے کا مطالبہ کیا۔
مارچ کی قیادت انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چب نے کی۔ اس دوران سیکڑوں نوجوان کارکن ہاتھوں میں تختیاں لیے اور حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے آگے بڑھے۔ مارچ کے راستے میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات تھے اور رکاوٹیں بھی کھڑی کی گئی تھیں۔
اے این آئی سے بات کرتے ہوئے ادے بھانو چب نے مظاہرین کو مقررہ احتجاجی مقام تک جانے سے روکنے پر دہلی پولیس کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ ہم جنتر منتر جارہے ہیں اور سپریم کورٹ نے بھی کہا ہے کہ اگر پرامن احتجاج کرنا ہے تو جنتر منتر جایا جاسکتا ہے۔ لیکن ہمیں وہاں جانے کی اجازت نہیں دی جارہی کیونکہ مودی اور شاہ گیانیش کو بچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ملک کے ساتھ غداری کرنے والے گیانیش کو بچایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جنتر منتر کی جانب جائیں گے اور کسی کے باپ کی ملکیت جنتر منتر نہیں ہے۔ اگر انہیں یہاں روکنے کی کوشش کی گئی تو وہیں بیٹھ جائیں گے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت خوفزدہ ہے کیونکہ اس کی مبینہ بدعنوانی بے نقاب ہوگئی ہے۔
ادے بھانو چب نے مزید کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ برس سے راہل گاندھی ان مبینہ بدعنوانیوں کو ملک کے سامنے بے نقاب کررہے ہیں اور اب مزید شواہد بھی سامنے آرہے ہیں۔
یہ تنازع اس رپورٹ کے بعد مزید شدت اختیار کرگیا جس میں دی انڈین ایکسپریس نے دعویٰ کیا تھا کہ الیکشن کمشنروں سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی نے 10 ماہ کے دوران کم از کم 14 مواقع پر انتخابی فہرستوں اور ووٹر رجسٹریشن سمیت کمیشن کے تکنیکی نظام سے متعلق فیصلوں پر باضابطہ طور پر اعتراضات اٹھائے تھے۔
تاہم الیکشن کمیشن نے اس تاثر کو مسترد کردیا کہ ان اعتراضات کو حتمی فیصلوں پر ادارہ جاتی اختلاف قرار دیا جاسکتا ہے۔ کمیشن نے کہا کہ مسودے کے مرحلے میں اٹھائے جانے والے انتظامی سوالات اور تجاویز اس کے معمول کے انتظامی اور فیصلہ سازی کے عمل کا حصہ ہیں۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ خصوصی جامع نظرثانی کی مشق کے نظام الاوقات سے متعلق فیصلے اتفاق رائے سے کیے گئے تھے۔