نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات کو ہدایت دی کہ کھانے پینے کی اشیا کے پیکٹوں کے اگلے حصے پر درج غذائی معلومات میں نمک کے ساتھ ’اضافی چینی‘ اور ’اضافی چکنائی‘ کے بجائے ’کل شکر‘ اور ’سیر شدہ چکنائی‘ کو صحت کے لیے تشویش کا باعث بننے والے غذائی اجزا کے طور پر نمایاں کیا جائے۔
کھانے پینے کی اشیا کے پیکٹوں کے اگلے حصے پر غذائیت سے متعلق معلومات تصویری علامات کی شکل میں درج کی جاتی ہیں، تاکہ صارفین اشیا خریدتے وقت بہتر فیصلہ کرسکیں اور صحت بخش غذا کا انتخاب کرسکیں۔ جسٹس جے بی پاردی والا اور جسٹس کے ونود چندرن پر مشتمل بنچ نے بھارتی فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی (ایف ایس ایس اے آئی) کو یہ بھی ہدایت دی کہ غذائی معلومات کے ہر نشان میں متعلقہ غذائی جزو کی معیاری تصویری علامت موجود ہو اور اس کے ساتھ ’زیادہ چکنائی‘، ’زیادہ شکر‘ یا ’زیادہ نمک‘ درج کیا جائے۔
بنچ نے کہا کہ ایف ایس ایس اے آئی اس بات کو یقینی بنائے کہ پیکٹ کے اگلے حصے پر غذائی معلومات کے لیے تمام متعلقہ اجزا کو ایک مشترکہ چھ کونوں والے نشان میں دکھانے کے بجائے ہر جزو کے لیے الگ الگ چھ کونوں والی علامت استعمال کی جائے۔ ان علامات میں متعلقہ تصویری نشانات کے ساتھ بالترتیب ’زیادہ چکنائی‘، ’زیادہ شکر‘ اور ’زیادہ نمک‘ لکھا ہونا چاہیے۔