یو جی سی کے مساوات سے متعلق قواعد پر نظرثانی کے لیے خصوصی کمیٹی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 05-11-2026
یو جی سی کے مساوات سے متعلق قواعد پر نظرثانی کے لیے خصوصی کمیٹی
یو جی سی کے مساوات سے متعلق قواعد پر نظرثانی کے لیے خصوصی کمیٹی

 



نئی دہلی: مرکزی حکومت نے جمعرات کو سپریم کورٹ کو بتایا کہ وہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں مساوات کو فروغ دینے کے مقصد سے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کے 2026 کے قواعد پر دوبارہ غور کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے رہی ہے۔ چیف جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوئے مالیہ باگچی کی بنچ کو سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے بتایا کہ حکومت طلبہ کے خدشات دور کرنے کے اقدامات پر غور کر رہی ہے۔

اس کے ساتھ یہ بھی یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ضابطہ جاتی نظام کے تحت طلبہ کے کسی بھی طبقے کو نظر انداز، غیر محفوظ یا خوف زدہ محسوس نہ ہو۔ قانونی افسر نے کہا، ’’حکومت ایک کمیٹی تشکیل دینے پر غور کر رہی ہے۔‘‘ چیف جسٹس نے ہر طالب علم کے مفادات کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے درخواستوں پر سماعت 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔

انہوں نے کہا کہ غور و خوض کے دوران نوجوان نسل کے خدشات، ان کی فلاح و بہبود اور مفادات کو سب سے زیادہ ترجیح دی جانی چاہیے۔ یہ معاملہ ’ابیدہ سلیم تڑوی بنام یونین آف انڈیا‘ اور اس سے متعلق دیگر درخواستوں سے جڑا ہوا ہے۔ یہ درخواست 2019 میں روہت ویمولا اور پائل تڑوی کی ماؤں نے دائر کی تھی۔ دونوں نے تعلیمی اداروں میں مبینہ ذات پات کی بنیاد پر امتیازی سلوک کے باعث خودکشی کر لی تھی۔