نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے بدھ کے روز اس شکایت پر پولیس سے کارروائی کی رپورٹ طلب کرلی ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ کانگریس کی سینئر رہنما سونیا گاندھی کا نام 1983 میں بھارتی شہریت حاصل کرنے سے تین سال قبل ہی ووٹر لسٹ میں شامل کرلیا گیا تھا۔
ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ ونود جوشی نے پولیس کو کارروائی کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے مقدمے کی اگلی سماعت 28 نومبر مقرر کردی۔ تاہم عدالت کا تفصیلی حکم ابھی دستیاب نہیں ہوا ہے۔ واضح رہے کہ ستمبر میں ایک سیشن عدالت نے مجسٹریٹ عدالت کے اس حکم کو منسوخ کردیا تھا، جس میں سونیا گاندھی کے خلاف عائد الزامات کی تحقیقات کا حکم دینے سے انکار کیا گیا تھا۔
سیشن عدالت نے یہ فیصلہ مجسٹریٹ عدالت کے حکم کے خلاف دائر نظرثانی درخواست پر سنایا تھا۔ یہ معاملہ راؤز ایونیو عدالت کی سینٹرل دہلی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر اور وکیل وکاس ترپاٹھی کی جانب سے دائر شکایت سے متعلق ہے۔