سہراب الدین انکاؤنٹر: 22 ملزمین کی بریت کے خلاف عرضی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 28-09-2026
سہراب الدین انکاؤنٹر: 22 ملزمین کی بریت کے خلاف عرضی
سہراب الدین انکاؤنٹر: 22 ملزمین کی بریت کے خلاف عرضی

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے 2005 کے گینگسٹر سہراب الدین شیخ، اس کی اہلیہ کوثر بی اور ساتھی تلسی رام پرجاپتی سے متعلق مبینہ فرضی انکاؤنٹر معاملے میں 21 پولیس اہلکاروں سمیت 22 ملزمین کو بری کیے جانے کے خلاف دائر عرضی پر سماعت کرنے پر پیر کو رضامندی ظاہر کی۔ چیف جسٹس آف انڈیا سوریہ کانت، جسٹس جوی مالیا باگچی اور جسٹس وی. موہنا کی بنچ نے سہراب الدین شیخ کے بھائی نیاب الدین شیخ کی عرضی پر نوٹس جاری کیا۔ اس عرضی میں بمبئی ہائی کورٹ کے 7 مئی کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے، جس میں ملزمین کی بریت کو برقرار رکھا گیا تھا۔

بنچ نے اشارہ دیا کہ وہ ملزمین کو بری کیے جانے سے متعلق کچھ اہم گواہوں کے بیانات کا جائزہ لے گی۔ چیف جسٹس نے کہا، ’’ہم کچھ گواہوں کے بیانات دیکھنا چاہیں گے۔ ہم پورا ریکارڈ نہیں منگوا رہے ہیں۔ آپ ایسے تین چار بیانات ہمارے سامنے رکھیں، جنہیں آپ اہم سمجھتے ہیں۔ ہم ملزمین کی بریت کے فیصلے کا جائزہ لیں گے۔‘‘ جسٹس باگچی نے کہا کہ استغاثہ کے 92 گواہوں کا اپنے بیانات سے منحرف ہو جانا تشویش کا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پہلو پر بھی غور کرنا ہوگا کہ مقدمے کی سماعت منصفانہ اور غیر جانب دارانہ طریقے سے ہوئی تھی یا نہیں۔

انہوں نے کہا، ’’92 گواہوں کا اپنے بیانات سے منحرف ہونا تشویش کا معاملہ ہے۔ کیا مقدمے کی سماعت منصفانہ اور غیر جانب دارانہ تھی... اس پر غور کرنا ہوگا۔‘‘ عرضی میں بمبئی ہائی کورٹ کے 7 مئی کے اس حکم کو چیلنج کیا گیا ہے، جس میں روباب الدین اور نیاب الدین شیخ کی عرضیاں خارج کردی گئی تھیں۔ ان عرضیوں میں ممبئی کی سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے دسمبر 2018 کے اس فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا، جس میں تمام 22 ملزمین کو بری کردیا گیا تھا۔ اس معاملے میں بری کیے گئے 22 ملزمین میں 21 گجرات اور راجستھان کے پولیس افسر تھے۔

ایک دیگر ملزم گجرات میں واقع اس فارم ہاؤس کا مالک تھا، جہاں استغاثہ کے مطابق سہراب الدین اور کوثر بی کو ’’غیر قانونی طور پر حراست‘‘ میں رکھا گیا تھا۔ استغاثہ کے مطابق سہراب الدین، اس کی اہلیہ کوثر بی اور تلسی رام پرجاپتی حیدرآباد سے مہاراشٹر کے سانگلی بس کے ذریعے جا رہے تھے، جب 22-23 نومبر 2005 کی درمیانی شب پولیس کی ایک ٹیم نے مبینہ طور پر انہیں حراست میں لے لیا۔ الزام ہے کہ تینوں کو الگ الگ گاڑیوں میں لے جایا گیا۔

سی بی آئی کے مطابق، سہراب الدین 26 نومبر 2005 کو احمدآباد کے قریب گجرات اور راجستھان پولیس کے اہلکاروں کے ساتھ ایک مبینہ انکاؤنٹر میں مارا گیا۔ تین دن بعد کوثر بی کو بھی مبینہ طور پر قتل کردیا گیا۔ اُدے پور کی مرکزی جیل میں بند تلسی رام پرجاپتی کو مبینہ فرضی انکاؤنٹر کا ایک اہم گواہ سمجھا جا رہا تھا۔ 27 دسمبر 2006 کو گجرات اور راجستھان کی سرحد کے قریب پولیس کے ساتھ ایک مبینہ انکاؤنٹر میں وہ بھی مارا گیا۔