بھوپال گیس سانحہ : شیوراج سنگھ کی خراج عقیدت

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 03-12-2021
بھوپال گیس سانحہ  : شیوراج سنگھ کی خراج عقیدت
بھوپال گیس سانحہ : شیوراج سنگھ کی خراج عقیدت

 

 

آواز دی وائس، بھوپال

وزیر اعلی ٰشیوراج سنگھ چوہان نے آج دنیا کے بدترین صنعتی حادثات میں سے ایک بھوپال گیس سانحہ میں ہلاک ہونے والے ہزاروں لوگوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

گیس سانحہ کی 37 ویں برسی پر چوہان نے ٹویٹ کیا،’بھوپال گیس سانحہ میں ہم نے بہت سی انمول زندگیاں بے وقت کھو دیں ، میں ان تمام ہلاک ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ ایسا سانحہ زمین پر کبھی نہ ہو ۔ حکومت اور معاشرے کی مشترکہ کوششوں سے ہم ایسی انسانی غلطیوں کو روک سکتے ہیں‘۔ دو اور تین دسمبر 1984 کی درمیانی رات بھوپال میں واقع یونین کاربائیڈ فیکٹری سے زہریلی میتھائل آئوسیانیٹ (مِک) گیس کے اخراج سے ہزاروں افراد ہلاک ہو گئے جبکہ لاکھوں متاثر ہوئے۔

 

آج اس حادثے کے 37 سال بعد بھی ہزاروں افراد اس کے برے اثرات جھیلنے پر مجبور ہیں۔ گیس سانحہ کی برسی کے موقع پر گیس متاثرین کے مفاد میں کام کرنے والی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے اور خراج عقہدت پیش کرنے والے جلسوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

بھوپال گیس پیڈی مہیلا اسٹیشنری ایمپلائز یونین، بھوپال گیس پیڈی مہیلا پرش سنگھرش مورچہ، بھوپال گروپ فار انفارمیشن اینڈ ایکشن اور ڈاؤ کاربائیڈ کے خلاف چلڈرن جیسی تنظیموں سے وابستہ کارکنان دن کے وقت متاثرین کے مختلف مطالبات کی حمایت میں ریلیاں نکالیں گے۔

یہ تنظیمیں گذشتہ کچھ دنوں سے گیس سانحہ سے متعلق سوالات اٹھا رہی ہیں۔ علاوہ ازیں گذشتہ روز گیس واقعے کے موقع پر سندھی کالونی موڑ سے یونین کاربائیڈ فیکٹری تک مشعل بردار جلوس نکالا گیا اور گیس واقعے میں ہلاک ہونے والے شہریوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

ان تنظیموں کا کہنا ہے کہ گیس واقعے کے اصل مجرموں کو ابھی تک سزا نہیں دی گئی۔ اس کے علاوہ اب تک متاثرین کی باز آبادکاری بہتر طریقے سے نہیں ہو سکی ہے۔ متاثرین کے علاج معالجے کے لیے بھی انتظامات نہیں کیے گئے۔