ملائیشیا کی بین الاقوامی حدیث کانفرنس میں شیخ ابوبکر احمد کی شرکت متوقع

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 22-11-2026
ملائیشیا کی بین الاقوامی حدیث کانفرنس میں شیخ ابوبکر احمد کی شرکت متوقع
ملائیشیا کی بین الاقوامی حدیث کانفرنس میں شیخ ابوبکر احمد کی شرکت متوقع

 



نئی دہلی:عبدالکریم امجدی کی پریس ریلیز کے مطابق ہندوستان کے مفتیِ اعظم شیخ ابوبکر احمد 23 نومبر، بروز پیر، ملائیشیا میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنسِ حدیث کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے۔ ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کے دفتر کے تحت محکمۂ اسلامی ترقی (JAKIM) اور YADIM کے مشترکہ اہتمام میں منعقد ہونے والی اس عالمی کانفرنس میں دنیا بھر سے ہزاروں علمائے کرام اور ماہرینِ حدیث شرکت کر رہے ہیں۔

کانفرنس کے دوران جامع ترمذی اور شمائلِ محمدیہ کی قراءت، سماعت اور علمی مطالعے پر مشتمل متعدد خصوصی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔اس عظیم الشان اجتماع کا ایک اہم امتیاز ی خصوصیت جامع ترمذی کی مسلسل دس روزہ قراءت ہے، جب کہ رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیاتِ طیبہ، سیرتِ مبارکہ، اخلاق و اوصاف اور شمائلِ مقدسہ پر مشتمل مشہور کتاب شمائلِ محمدیہ کی قراءت 40 ممتاز علمائے کرام کی نگرانی میں مسلسل 40 گھنٹوں تک جاری ہے۔ ان دونوں علمی و روحانی پروگراموں کی مشترکہ اختتامی تقریب 23 نومبر کو عالمی شہرت یافتہ علمائے کرام اور ممتاز شخصیات کی موجودگی میں منعقد ہوگی۔شیخ ابوبکر احمد کی اس عالمی مجلسِ حدیث میں شرکت تیسری مرتبہ ہو رہی ہے۔

ملائیشیا کے وزیرِ اعظم داتو سری انور ابراہیم کے ساتھ ان کے دیرینہ ذاتی مراسم اور باہمی احترام و تعلقات کے تناظر میں ان کی شرکت کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ واضح رہے کہ 2023 میں شیخ ابوبکر احمد کو ملائیشیا کے ممتاز قومی اعزاز توکو معال ہجرہ ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ستمبر 2026 میں ملائیشیا کے وزیرِ اعظم انور ابراہیم نے کیرالا کے کوزیکوڈ میں واقع مرکز کے مرکزی کیمپس کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے شیخ ابوبکر احمد سے خصوصی ملاقات کی۔

یہ مرکز کا ان کا دوسرا دورہ تھا، اس سے قبل وہ 2022 میں بھی مرکز تشریف لا چکے ہیں۔کانفرنس کی اختتامی تقریب میں ملائیشیا کے وزیرِ اعظم داتو سری انور ابراہیم، مصر کے وزیرِ اوقاف و مذہبی امور شیخ اسامہ الازہری سمیت متعدد بین الاقوامی علمائے کرام، دانش وروں اور ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔