نئی دہلی،: ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی نائب کپتان شیفالی ورما نے جمعرات کو کہا کہ ٹیم اگلے سال کے آغاز میں ہندوستان میں ہونے والی خواتین کی چیمپئنز ٹرافی کو ذہن میں رکھتے ہوئے بے خوف لیکن سمجھ داری کے ساتھ کرکٹ کھیلنا چاہتی ہے۔ ہندوستانی خواتین کی ٹیم پہلی بار دو طرفہ سیریز میں زمبابوے کا سامنا کرے گی۔
یہ ٹی 20 سیریز فروری میں ہونے والے آئی سی سی ٹورنامنٹ کی تیاریوں کا حصہ ہے۔ ہندوستان اور زمبابوے کے درمیان یہاں تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کھیلی جائے گی۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے وڈودرا جائیں گی۔
سیریز کے پہلے میچ سے ایک دن قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شیفالی نے کہا، ’’ہم نے اس بارے میں بات کی ہے کہ چیمپئنز ٹرافی تک ہمیں اس سیریز میں بے خوفی اور سمجھ داری کے ساتھ کرکٹ کھیلنی ہے۔ ہم نے کئی میٹنگیں کی ہیں، اس لیے ہر کھلاڑی کو معلوم ہے کہ اسے کیا کرنا ہے۔ ہم ہر سیریز کے ساتھ اپنے کھیل کو مسلسل بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘