سری نگر: جموں و کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں پولیس نے الگ الگ کارروائیوں کے دوران منشیات فروشی کے الزام میں سات افراد کو گرفتار کیا ہے۔ حکام نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ منشیات کے خلاف جاری کارروائی کے تحت اننت ناگ پولیس نے مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے سات مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی۔
ترجمان کے مطابق ضلع کے سرینگوپھوارہ علاقے میں ہٹی گام کراسنگ پر پولیس نے تین مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔ تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے ایک کلو 378 گرام گانجا اور 12 گرام چرس برآمد ہوئی۔ ایک دوسری کارروائی میں پولیس نے نوشہرہ کراسنگ پر دو مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے ایک کلو 740 گرام گانجا برآمد کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے ہائی گراؤنڈ روڈ سے بھی ایک مبینہ منشیات فروش کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے 20 گرام چرس برآمد ہوئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سنگم میں ایک اور مبینہ منشیات فروش کو گرفتار کیا گیا، جو اتر پردیش کا رہنے والا ہے۔ اس کے قبضے سے 23 گرام چرس برآمد کی گئی۔