کولگام میں مسلح تصادم،سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ایک جنگجو ہلاک

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 25-07-2021
کولگام میں مسلح تصادم
کولگام میں مسلح تصادم

 

 

سری نگر

جنوبی ضلع کولگام کے مونند میں ایک شبانہ مسلح تصادم کے دوران سکیورٹی فورسز نے ایک جنگجو کو ہلاک کیا ہے۔

جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع کولگام کے مونند نامی علاقے میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات کو ہونے والے ایک مسلح تصادم کے دوران ایک جنگجو کو ہلاک کیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا: 'مہلوک جنگجو کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے نیز علاقے میں آپریشن جاری ہے'۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع کولگام کے مونند میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں و کشمیر پولیس، فوج کی راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے ہفتہ کی رات دیر گئے مذکورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں موجود جنگجوئوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان باضابطہ طور تصادم شروع ہوا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ محاصرے میں پھنسنے والے جنگجوئوں کو خودسپردگی اختیار کرنے کی پیشکش کی گئی جو انہوں نے مسترد کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آخری اطلاعات ملنے تک مسلح تصادم میں ایک جنگجو مارا جا چکا تھا جن کی لاشیں برآمد کی گئی ہے۔ (ایجنسی ان پٹ )