جموں و کشمیر: موسم کی پہلی برف باری۔ پیر پنجال میں برف ہٹانے کا کام شروع

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 15-10-2026
جموں و کشمیر: موسم کی پہلی برف باری۔ پیر پنجال میں برف ہٹانے کا کام شروع
جموں و کشمیر: موسم کی پہلی برف باری۔ پیر پنجال میں برف ہٹانے کا کام شروع

 



سری نگر۔: جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں جمعرات کو موسم کی پہلی برف باری ہوئی۔ اس کے علاوہ بانڈی پورہ ضلع کی گریز وادی اور پیر پنجال پہاڑی سلسلے کے پیر کی گلی میں بھی تازہ برف باری ہوئی ہے۔ اس کے نتیجے میں پورے خطے میں درجہ حرارت میں کمی درج کی گئی ہے۔ڈوڈہ کے پہاڑی علاقوں میں برف باری اور مطلع ابر آلود رہنے سے سردیوں جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ وہیں شمالی کشمیر کی گریز وادی کے پہاڑی علاقے تازہ برف باری کے بعد برف کی سفید چادر سے ڈھک گئے ہیں۔ میدانی علاقوں میں تقریباً 2 انچ جبکہ بالائی علاقوں میں 4 سے 5 انچ تک برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔

گریز وادی کے داور۔ تولیل۔ بگتور۔ تراگبل اور رضدان ٹاپ میں بھی تازہ برف باری ہوئی ہے جس سے پورے علاقے کا منظر بدل گیا ہے۔رضدان ٹاپ اور دیگر بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد 85 کلومیٹر طویل بانڈی پورہ۔ گریز سڑک کو گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ درجہ حرارت میں کمی اور سڑکوں پر پھسلن کے باعث مسافروں کی حفاظت کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسم اور ٹریفک سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور اس وقت تک اس راستے پر سفر کرنے سے گریز کریں جب تک حکام گاڑیوں کی آمد و رفت بحال ہونے کی تصدیق نہ کر دیں۔

دریں اثنا پیر پنجال پہاڑی سلسلے میں موسم کی پہلی برف باری کے بعد بارڈر روڈز آرگنائزیشن کی 79 روڈ کنسٹرکشن کمپنی نے پیر کی گلی میں برف ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے۔ اس کارروائی کا مقصد پونچھ اور کشمیر کے درمیان سڑک پر ٹریفک کی آمد و رفت بحال کرنا ہے۔دوسری جانب دھولادھر پہاڑی سلسلے میں تازہ برف باری اور دھرم شالہ میں مسلسل بارش کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ اس اچانک سردی نے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔

دھرم شالہ میں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تقریباً 11 ڈگری سیلسیس رہا۔ سردی میں اچانک اضافے کے باعث مقامی لوگوں اور سیاحوں کو گرم کپڑوں کا سہارا لینا پڑ رہا ہے۔موسم میں اچانک تبدیلی نے کئی سیاحوں کو بھی حیران کر دیا۔ پنجاب کے لدھیانہ سے دھرم شالہ پہنچنے والے مادھو اور وشواس نے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہاں اتنی شدید سردی کی توقع نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ یہاں موسم اتنا سرد ہو جائے گا۔ ہم نے ایسی صورتحال کی توقع نہیں کی تھی۔ ابھی دکانیں بھی نہیں کھلی ہیں اور ہم ان کے کھلنے کا انتظار کرتے ہوئے سردی سے کانپ رہے ہیں۔ ہمیں گرم کپڑے خریدنے پڑیں گے جس سے ہمارا بجٹ بھی متاثر ہوگا۔