آوازِ خواتین کے ’نکھار‘ پروگرام میں 80 طالبات کو شخصیت سازی اور ذاتی تحفظ کی تربیت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 06-11-2026
آوازِ خواتین کے ’نکھار‘ پروگرام میں 80 طالبات کو شخصیت سازی اور ذاتی تحفظ کی تربیت
آوازِ خواتین کے ’نکھار‘ پروگرام میں 80 طالبات کو شخصیت سازی اور ذاتی تحفظ کی تربیت

 



نئی دہلی: آوازِ خواتین نے اپنے پروگرام ’نکھار‘ کے تحت ایم سی ڈی کو ایڈ پرائمری اسکول نظام الدین ویسٹ میں ایک تربیتی پروگرام منعقد کیا جس میں چوتھی اور پانچویں جماعت کی تقریباً 80 طالبات نے شرکت کی۔ پروگرام میں بچیوں کو شخصیت سازی، خود اعتمادی، اظہارِ خیال، جسمانی تحفظ اور ذاتی حدود سے متعلق اہم معلومات فراہم کی گئیں۔

پروگرام کی قیادت آوازِ خواتین کی کنوینر شریقہ ملک نے کی۔ انہوں نے طالبات کو اعتماد کے ساتھ اپنی بات رکھنے اور اپنی صلاحیتوں کو پہچاننے کی ترغیب دی۔ تنظیم کی پبلک ریلیشنز اینڈ کمیونیکیشنز ایسوسی ایٹ خوشبو نے محفوظ اور غیر محفوظ لمس کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کسی بھی ناخوش گوار صورت حال میں بچیوں کو اپنے والدین یا اساتذہ جیسے قابل اعتماد افراد سے مدد لینی چاہیے۔

شریقہ ملک نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم صرف نصابی معلومات تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ انہیں اپنے حقوق سمجھنے اور خود اعتمادی کے ساتھ فیصلے کرنے کے قابل بنانا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’نکھار‘ کے ذریعے کم عمر لڑکیوں میں اعتماد اور خود آگاہی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

پروگرام کے دوران مختلف سرگرمیوں اور سوال و جواب کے ذریعے طالبات کو گفتگو اور اظہارِ خیال کے مواقع بھی فراہم کیے گئے۔ اس کا مقصد انہیں روزمرہ زندگی میں درپیش حالات کا اعتماد اور سمجھ داری کے ساتھ سامنا کرنے کے لیے تیار کرنا تھا۔

واضح رہے کہ ’نکھار‘ آوازِ خواتین کی ایک پہل ہے جس کے تحت خواتین اور لڑکیوں کی شخصیت سازی اور مہارتوں کے فروغ کے لیے سرگرمیاں منعقد کی جاتی ہیں۔ نظام الدین ویسٹ کے اسکول میں یہ اس سلسلے کا دوسرا پروگرام تھا۔