نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ جین مذہب کے اہم ترین روحانی تہواروں میں سے ایک ’سنوَتسری‘ ہمیں یاد دلاتی ہے کہ معافی اور ہمدردی ہر رشتے کو مضبوط بناتی ہیں۔ سنوَتسری، شویتامبر جین برادری کے پریوشن پرو کا آخری اور سب سے مقدس دن ہے۔
مودی نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’سنوَتسری ہمیں یاد دلاتی ہے کہ معافی اور ہمدردی ہر رشتے کو مضبوط بناتی ہیں۔ اس مقدس موقع پر عاجزی ہماری رہنمائی کرے اور رحم دلی و خیرسگالی ہمارے ہر عمل کی سمت طے کریں۔ مچّھامی دکّڑم۔‘‘
سنوَتسری کو اکثر ’عالمی یومِ معافی‘ کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔ اس دن جین عقیدت مند سالانہ ’سنوَتسری پرتیکرمن‘ کرتے ہیں۔ اس دوران وہ گزشتہ ایک سال کے اپنے اعمال پر غور کرتے ہیں اور جان بوجھ کر یا انجانے میں کسی بھی جاندار کو تکلیف یا نقصان پہنچانے پر اس سے معافی مانگتے ہوئے ’’مچّھامی دکّڑم‘‘ کہتے ہیں۔