یوپی الیکشن:ایس پی کے امیدواروں کی لسٹ جاری،30 مسلم امیدوار

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 24-01-2022
یوپی الیکشن:ایس پی کے امیدواروں کی لسٹ جاری،30 مسلم امیدوار
یوپی الیکشن:ایس پی کے امیدواروں کی لسٹ جاری،30 مسلم امیدوار

 


آواز دی وائس، لکھنو

سماج وادی پارٹی(ایس پی) نے اترپردیش اسمبلی انتخابات کے لئے پیر کو اپنے 159امیدواروں پر مشتمل پہلی لسٹ جاری کردی۔پہلی لسٹ میں اکھلیش ، اعظم خان، شیوپال جیسے پارٹی کے معروف چہروں کے نام شامل ہیں۔ امیدواروں کی فہرست میں مین پوری کی کرہل اسمبلی حلقے سے پارٹی صدر و سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو اور رامپور سیٹ سے محمد اعظم خان جبکہ سوار اسمبلی حلقے سے اعظم کے بیٹے عبداللہ اعظم کا نام شامل ہے۔

فہرست میں دیگر معروف چہروں میں اٹاوہ کی جسونت نگر سیٹ سے شیوپال سنگھ یادو، کیرانہ سے ناہید حسن، بریلی کینٹ سے سپریا ایرن، سہارنپور ضلع کی نکڑ سیٹ سے ڈاکٹر دھرم سنگھ سینی کے نام شامل ہیں۔ سپریا ایرن نے حال ہی میں کانگریس چھوڑ کر ایس پی کی رکنیت اختیار کی ہے جبکہ بی جے پی چھوڑ کر سائیکل کی سوار کرنے والے ڈاکٹر دھرم سنگھ سینی کو بھی ٹکٹ دیا گیا ہے۔

جاری فہرست کے مطابق ضلع سہارنپور کی بیہٹ سیٹ سے عمر علی خان، سہارنپور(شہر) سے سنجے گرگ، سہارنپور دیہات سے آشوملک،دیوبند سے کارتیا رانا اور گنگوہ سے اندرسین کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایس پی نے ضلع مظفر نگرکی چرتھاول سے پنکج کمار ملک، ضلع بجنور کی نجیب آباد سیٹ سے تسلیم احمد، نگینہ(ریزرو) سے منوج کمار پارس، بڑھا پور سیٹ سے کپل کمار، دھام پور سے نعیم الحسن، چاندپور سے سوامی اوم ویش، نورپور سے رام اوتار سنگھ،مرادآباد ضلع کی کانٹھ سیٹ سے کما ل اختر، ٹھاکردوار سے نواب جان، مرادآباد سے محمد ناصر، مرادآباد شہر سے محمد یوسف انصاری، کندرکی سے ضیاء الرحمان اور بلاری سے محمد عرفان کو ٹکٹ دیا ہے۔

پارٹی نے ضلع سنبھل کی چندوسی سیٹ سے وملیش، اسمولی سے پنکی سنگھ، سنبھل سے اقبال مسعود، گنور سے رام کھلاڑی سنگھ، ضلع رامپور کی چمروا سیٹ سے نصیر احمد خان، بلاسپور سے امرجیت سنگھ، ملک(ریزرو) سے وجئے سنگھ، امروہہ ضلع کے دھنورا سے وویک سنگھ، نوگاوں سادات سے سرمپال سنگھ، امروہہ سے محبوب علی، حسن پور سے مکھیا گرجر، میرٹھ ضلع کی سردھان سیٹ سے اتل ، ہستناپور(ریزرو) سے یوگیش ورما، کٹھور سے شاہد منظور، میرٹھ سے رفیق انصاری اور میرٹھ جنوب سے محمد عادل کا نام اپنے امیدواروں کی لسٹ میں شامل کیا ہے۔

ایس پی کے 159 ناموں کی فہرست میں 'مائی' یعنی مسلمان اور یادو کے مساوات کو سلجھانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی ہے۔ پارٹی نے اس فہرست میں 30 مسلمانوں اور 12 یادووں کو نامزد کیا ہے۔

پارٹی کی توجہ غیر یادو او بی سی پر زیادہ لگتی ہے۔ اس کے پیچھے منطق یہ بتائی جارہی ہے کہ ایس پی اپنے بنیادی ووٹ بینک کے علاوہ او بی سی کی دوسری ذاتوں کو بھی اپنے ساتھ لے رہی ہے۔