نئی دہلی: جموں و کشمیر میں تقریباً 42,121 کلومیٹر طویل سڑکوں کا نیٹ ورک موجود ہے، جبکہ یہاں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق منصوبوں کی مجموعی مالیت تقریباً 1.28 لاکھ کروڑ روپے ہے۔ ان میں زیر تعمیر، منظور شدہ اور مجوزہ منصوبے شامل ہیں۔
یہ اطلاع محکمہ تعمیرات عامہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری انل کمار سنگھ نے دی۔ انہوں نے یہ بات مرکز کے زیر انتظام علاقے میں سڑکوں کے اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں اور ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ ایک میٹنگ میں کہی۔
اس میٹنگ کی صدارت چیف سکریٹری سجن سنگھ یادو نے کی۔ قومی شاہراہوں کے منصوبوں کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے انل کمار سنگھ نے بتایا کہ 39,784 کروڑ روپے کے 43 منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ 9,187 کروڑ روپے کے 11 منظور شدہ منصوبے کام شروع ہونے کے منتظر ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تقریباً 70,839 کروڑ روپے کے 31 دیگر منصوبے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) یا اصولی منظوری کے مرحلے میں ہیں۔ انل کمار سنگھ نے کہا کہ زیڈ موڑ سرنگ کو فعال کردیا گیا ہے اور اس پر آمد و رفت شروع ہوچکی ہے، جبکہ زوجیلا سرنگ کی مرکزی آر پار کھدائی کا کام 9 جون 2026 کو مکمل کرلیا گیا تھا۔