مودی حکومت پر آر جے ڈی کا یو سی سی کو لے کر حملہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 16-09-2026
مودی حکومت پر آر جے ڈی کا یو سی سی کو لے کر حملہ
مودی حکومت پر آر جے ڈی کا یو سی سی کو لے کر حملہ

 



پٹنہ: آر جے ڈی کے رہنما بھائی ویریندر نے بدھ کے روز مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے اس بیان کو ’’توجہ ہٹانے کی کوشش‘‘ قرار دیا کہ 2029 سے پہلے این ڈی اے کی حکومت والی تمام ریاستوں میں یکساں سول کوڈ (یو سی سی) نافذ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے جنتا دل (یونائیٹڈ) سے بی جے پی کی قیادت والے اتحاد سے الگ ہونے اور تیجسوی یادو کی قیادت میں بہار میں حکومت بنانے میں مدد کرنے کی اپیل کی۔ اپنے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ جے ڈی (یو) کی نظریاتی جڑیں سوشلسٹ تحریک سے جڑی ہوئی ہیں اور ’’اس کے رہنماؤں کے ایسے بیانات سامنے آتے رہے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹی یو سی سی کی مخالفت کرتی رہی ہے۔‘‘

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ان کی بات کو صرف ایک اپیل کے طور پر دیکھا جائے اور ان کا نتیش کمار کی قیادت والی جے ڈی (یو) کے کسی رہنما سے رابطہ نہیں ہے۔ یو سی سی سے متعلق امت شاہ کے بیان پر جے ڈی (یو) نے محتاط ردعمل ظاہر کیا ہے۔ پارٹی کے رہنما اور بہار کے نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار چودھری نے کہا ہے کہ پارٹی بل کا جائزہ لے گی اور اگر اس کی دفعات قابلِ اعتراض نہ ہوئیں تو ’’بلاوجہ اس کی مخالفت نہیں کرے گی۔‘‘

دوسری جانب ریاست کی اہم اپوزیشن جماعت آر جے ڈی نے اس معاملے پر سخت موقف اختیار کیا ہے۔ پارٹی نے بہار میں یو سی سی کے نفاذ کو روکنے کا عزم ظاہر کیا ہے اور الزام لگایا ہے کہ یہ ’’مسلمانوں کے مفادات کے خلاف‘‘ ہے۔ آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو نے یو سی سی کے نفاذ کے معاملے پر واضح موقف اختیار کرنے سے گریز کرنے پر جے ڈی (یو) پر ’’بی جے پی کے اشارے پر کام کرنے‘‘ کا الزام لگایا ہے۔

منیر سے رکن اسمبلی بھائی ویریندر نے پی ٹی آئی ویڈیو سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’یہ واضح ہے کہ بی جے پی کے پاس مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل کا کوئی حل نہیں ہے، جن کی وجہ سے حال ہی میں جن زی (Gen-Z) کے نوجوان سڑکوں پر اترے تھے۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’اسی لیے وہ یو سی سی جیسے ایسے معاملات کے ذریعے لوگوں کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے، جس کا مقصد مسلمانوں کو نشانہ بنانا ہے۔ ہماری پارٹی ہمیشہ یکساں سول کوڈ کی مخالفت کرتی رہی ہے۔ ہمارا موقف واضح ہے۔‘‘

آر جے ڈی رہنما سے ان کے اس بیان کے بارے میں بھی سوال کیا گیا جس میں انہوں نے بہار کے سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور ان کے بیٹے نیشانت کمار سے ’’این ڈی اے چھوڑ کر مہاگٹھ بندھن میں شامل ہونے‘‘ کی اپیل کی تھی۔ ویریندر نے کہا، ’’میں نے یہ بات اس لیے کہی کیونکہ جے ڈی (یو) کی نظریاتی جڑیں سوشلسٹ تحریک میں ہیں۔ اس کے رہنماؤں کے ایسے بیانات سامنے آئے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹی یو سی سی کی مخالف رہی ہے۔

‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’اسی پس منظر میں میں نتیش کمار اور نوجوان رہنما نیشانت سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بی جے پی کے ساتھ شراکت ختم کریں اور مہاگٹھ بندھن کی حکومت بنانے میں مدد کریں۔ میں واضح کر دوں کہ میرا اس پارٹی کے کسی بھی رہنما سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ میں نے یہ بیان اصولوں کی بنیاد پر دیا ہے۔‘‘

واضح رہے کہ جے ڈی (یو) کے کچھ رہنما، جن میں پارٹی کے سابق قومی جنرل سکریٹری شیام رجک اور نالندہ کے رکن پارلیمنٹ کوشلندر کمار شامل ہیں، کہہ چکے ہیں کہ پارٹی کا موقف ماضی میں نتیش کمار کے بیان کے مطابق ہوگا۔ نتیش کمار نے اس وقت کہا تھا، ’’ہم پارلیمنٹ میں یو سی سی بل کی حمایت کریں گے، لیکن بہار میں اس کے نفاذ کی مخالفت کریں گے۔‘‘

اس کے علاوہ 2017 میں مہاگٹھ بندھن حکومت کے دوران جے ڈی (یو) کے سربراہ کی جانب سے مبینہ طور پر لکھا گیا ایک خط بھی سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا ہے۔ اس میں اس وقت کے بہار کے وزیر اعلیٰ نے لاء کمیشن سے اپیل کی تھی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ریاستوں کو یو سی سی نافذ کرنے کے لیے ’’مجبور نہ کیا جائے۔‘‘ ویریندر سے یہ بھی پوچھا گیا کہ کیا وہ نیشانت کمار کو بہار کا وزیر اعلیٰ بنانے پر رضامند ہوں گے، کیونکہ جے ڈی (یو) کے پاس 85 ارکان اسمبلی ہیں جبکہ آر جے ڈی کے ارکان اسمبلی کی تعداد 25 ہے۔