نئی دہلی: دہلی میں 10 اکتوبر کو ہونے والے احتجاج کے پیش نظر دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے 57 میٹرو اسٹیشنوں پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان اسٹیشنوں کے داخلی اور خارجی دروازے 9 اکتوبر کی رات 9 بجے سے بند کیے جائیں گے۔ یہ پابندیاں 10 اکتوبر کو بھی اگلے حکم تک جاری رہیں گی۔ ڈی ایم آر سی کے مطابق، متاثرہ اسٹیشنوں پر میٹرو لائن تبدیل کرنے کی سہولت دستیاب رہے گی، البتہ نئی دہلی میٹرو اسٹیشن پر یہ سہولت بھی دستیاب نہیں ہوگی۔ یہ فیصلہ دہلی پولیس کی درخواست کے بعد کیا گیا ہے۔
پولیس نے ڈی ایم آر سی سے کہا تھا کہ متعلقہ اسٹیشنوں کے داخلی اور خارجی دروازے بند کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں اور صورت حال کے مطابق ان اسٹیشنوں سے گزرنے والی میٹرو ٹرینوں کی آمدورفت کی تعداد بھی کم کرنے پر غور کیا جائے۔ دہلی پولیس نے اپنی ہدایت میں کہا ہے کہ 10 اکتوبر کو جنتر منتر اور نئی دہلی ضلع کے دیگر مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہونے والے ہیں۔ پولیس کو خدشہ ہے کہ مظاہرین کی بھیڑ حساس مقامات کی جانب بڑھ سکتی ہے، اس لیے احتیاطی اقدامات ضروری ہیں۔
پولیس نے 8 اکتوبر کو جاری اپنے خط میں ڈی ایم آر سی سے کہا تھا کہ متعلقہ افسران اور عملے کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں تاکہ حالات کے مطابق مناسب انتظامات کیے جا سکیں۔ خط میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ہفتے کے روز حالات کو دیکھتے ہوئے متعلقہ اسٹیشنوں سے گزرنے والی میٹرو ٹرینوں کی تعداد کم کی جا سکتی ہے۔
پولیس کے خط میں جن 57 میٹرو اسٹیشنوں کا ذکر کیا گیا ہے، ان میں جن پتھ، پٹیل چوک، سینٹرل سکریٹریٹ، لوک کلیان مارگ، راجیو چوک، نئی دہلی، سیوا تیرتھ (ادھیوگ بھون)، منڈی ہاؤس، بارہ کھمبا روڈ، آئی ٹی او، دہلی گیٹ، خان مارکیٹ، آر کے آشرم مارگ، جھانڈیوالان، سپریم کورٹ، اندرپرستھ، شیواجی اسٹیڈیم، آئی این اے، حوض خاص، جور باغ، ارجن گڑھ، سرائے کالے خان نظام الدین، لاجپت نگر، جنگ پورہ، آشرم، کالندی کنج، جسولا، جامعہ ملیہ اسلامیہ، اوکھلا وہار، چاندنی چوک کے قریب چاوڑی بازار، جامع مسجد، کرول باغ، راجندر پلیس، وشو ودیالیہ، ودھان سبھا، سول لائنز، کشمیری گیٹ، اندرلوک، جی ٹی بی نگر، کنہیا نگر، نیتاجی سبھاش پلیس، آزاد پور، آدرش نگر، جہانگیر پوری، حیدرپور بادیلی موڑ، مجلس پارک، شالیمار باغ، سیلم پور، موج پور، جعفرآباد، ویلکم، یمنا وہار، خزوری خاص، شاہدرہ، رتھالا، روہنی ایسٹ اور روہنی ویسٹ شامل ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں سفر کرنے والے مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ 9 اور 10 اکتوبر کو گھر سے نکلنے سے پہلے ڈی ایم آر سی کے سرکاری اعلانات ضرور دیکھ لیں، تاکہ انہیں راستے میں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ دہلی پولیس نے مدد کے لیے میٹرو پولیس کنٹرول روم کے تین فون نمبر بھی جاری کیے ہیں: 22183903، 8745001709 اور 6828400576۔ یہ ہدایت 8 اکتوبر کو دہلی پولیس کے جوائنٹ کمشنر (ٹرانسپورٹ رینج) راج نیش گپتا نے جاری کی تھی۔ اس کی نقل دہلی پولیس کمشنر کے دفتر، ڈی ایم آر سی کے چیف سکیورٹی کمشنر اور متعلقہ پولیس افسران کو بھی بھیجی گئی تھی۔