وائیگئی ڈیم سے آبپاشی کے لیے پانی چھوڑنے کا آغاز

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 14-11-2026
وائیگئی ڈیم سے آبپاشی کے لیے پانی چھوڑنے کا آغاز
وائیگئی ڈیم سے آبپاشی کے لیے پانی چھوڑنے کا آغاز

 



تھینی: تمل ناڈو حکومت کے حکم کے بعد ہفتہ کے روز وائیگئی ڈیم سے مدورائی اور ڈنڈیگل اضلاع کے دوہری فصل والے زرعی علاقوں میں پہلی فصل کی کاشت کے لیے 900 کیوسک پانی چھوڑا گیا۔ تمل ناڈو کے وزیر برائے توانائی و قانون نرمَل کمار نے ڈیم کے سات چھوٹے دروازوں کے ذریعے پیریار نہری نظام میں پانی چھوڑنے کے عمل کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر تھینی، مدورائی اور ڈنڈیگل اضلاع کے کلکٹرس، مختلف سرکاری محکموں کے افسران، سیاسی نمائندوں اور کسانوں نے شرکت کی اور ڈیم سے چھوڑے جانے والے پانی کا پھولوں سے استقبال کیا۔ ہفتہ سے شروع ہونے والے اس عمل کے تحت 100 دنوں کے دوران مجموعی طور پر 5,357 ملین مکعب فٹ پانی چھوڑا جائے گا۔ پہلے 30 دن تک مسلسل پانی فراہم کیا جائے گا، جبکہ بقیہ 70 دنوں کے دوران باری باری پانی چھوڑا جائے گا۔

اس پانی سے مدورائی اور ڈنڈیگل اضلاع میں مجموعی طور پر 45,041 ایکڑ زرعی اراضی کو آبپاشی کی سہولت فراہم ہونے کی توقع ہے۔ مجموعی زرعی اراضی میں سے 16,452 ایکڑ مدورائی ضلع کے وڈی پٹی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں، 26,792 ایکڑ مدورائی شمالی خطے میں اور 1,797 ایکڑ ڈنڈیگل ضلع کے نیلاک کوٹائی علاقے میں واقع ہے۔

رواں سال وائیگئی ڈیم میں خشک سالی جیسی صورتحال کے باعث گزشتہ ایک دہائی کے دوران پانی کی شدید ترین قلت پیدا ہوگئی تھی۔ اس کے نتیجے میں پہلی فصل کی کاشت کے لیے جون کے پہلے ہفتے میں معمول کے مطابق پانی نہیں چھوڑا جاسکا تھا۔ اب پانچ ماہ کی تاخیر سے پانی چھوڑے جانے کے باعث مدورائی اور ڈنڈیگل اضلاع کے دوہری فصل کی کاشت والے علاقوں کے کسانوں کو رواں سال معمول کی دو فصلوں کے بجائے صرف ایک فصل کے لیے پانی مل سکے گا۔