پرالی جلانے کے معاملے پر ریکھا گپتا کا پنجاب حکومت اور کیجریوال پر حملہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 06-10-2026
پرالی جلانے کے معاملے پر ریکھا گپتا کا پنجاب حکومت اور کیجریوال پر حملہ
پرالی جلانے کے معاملے پر ریکھا گپتا کا پنجاب حکومت اور کیجریوال پر حملہ

 



نئی دہلی: دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے پنجاب کے ترن تارن ضلع میں فصلوں کی باقیات جلانے کے مبینہ واقعات کو لے کر منگل کو پنجاب کی عام آدمی پارٹی (آپ) حکومت اور آپ کے سربراہ اروند کیجریوال کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کیجریوال اور پنجاب حکومت نے کسانوں سے جھوٹے وعدے کیے اور انہیں دھوکا دیا۔

ریکھا گپتا نے کہا کہ کیجریوال نے پنجاب میں ایک سال کے اندر پرالی جلانے کے واقعات بند کرانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن ریاست میں آپ کی حکومت کو ساڑھے چار سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے، اس کے باوجود کسان فصلوں کی باقیات جلا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ مرکزی حکومت نے پیسہ، مشینیں اور سبسڈی فراہم کی، لیکن پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان اور اروند کیجریوال زمین پر مناسب انتظام نہیں کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ کسان مدد کا انتظار کرتے رہے، لیکن آپ حکومت نے انہیں پرالی جلانے کی مجبوری سے نکالنے کے بجائے ان کے حال پر چھوڑ دیا۔ ریکھا گپتا نے الزام لگایا کہ وسائل کی کوئی کمی نہیں تھی، لیکن آپ حکومت نیت، ارادے اور جواب دہی، تینوں محاذوں پر ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم دہلی کی آب و ہوا بہتر بنانے کے لیے دن رات نئے حل زمین پر نافذ کر رہے ہیں۔

دوسری طرف پنجاب میں پرالی کی آگ نے ہی آپ حکومت کی حقیقت سامنے لادی ہے۔ نہ تیاری ہے، نہ کوئی حل۔ بس جھوٹے وعدے اور کسانوں کے ساتھ دھوکا ہے۔‘‘ ریکھا گپتا نے یہ بھی سوال کیا کہ کیا دہلی کے لوگوں کی جانب سے مسترد کیے جانے کے بعد کیجریوال قومی دارالحکومت کے عوام سے اسمبلی انتخابات میں اپنی شکست کی ’’جھنجھلاہٹ‘‘ نکال رہے ہیں؟ دہلی میں فضائی آلودگی میں فصلوں کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والے دھوئیں کا بھی بڑا حصہ ہوتا ہے۔

سیٹلائٹ سے حاصل اعداد و شمار کے مطابق اس سال 15 ستمبر سے 5 اکتوبر کے درمیان چھ ریاستوں میں فصلوں کی باقیات جلانے کے کل 254 واقعات سامنے آئے۔ انڈین ایگریکلچرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے مطابق پنجاب میں پرالی جلانے کے 84، ہریانہ میں 4، اتر پردیش میں 63، دہلی میں ایک، راجستھان میں 7، اتراکھنڈ میں ایک اور مدھیہ پردیش میں 94 واقعات درج کیے گئے۔