جودھ پور: وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ہفتے کے روز جودھ پور ایئر فورس اسٹیشن پر ہندوستانی فضائیہ کے فضائی مظاہرے کا مشاہدہ کیا۔ یہ مظاہرہ کثیر ملکی فوجی مشق ’ترنگ شکتی 2026‘ کے تحت کیا گیا۔ راجناتھ سنگھ نے فضائیہ کے سربراہ اور دیگر اعلیٰ فوجی افسران کے ساتھ جنگی طیاروں کو مختلف انداز میں پرواز کرتے اور فضا میں کئی طرح کے کرتب دکھاتے دیکھا۔
اس موقع پر ہندوستانی فضائیہ کی سارنگ ہیلی کاپٹر مظاہرہ ٹیم اور سوریہ کرن فضائی کرتب دکھانے والی ٹیم نے بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ’ترنگ شکتی‘ مشق 26 ستمبر سے 12 اکتوبر تک ’شراکت داری میں طاقت‘ کے موضوع کے تحت منعقد کی جا رہی ہے۔ اس میں سات ملکوں آسٹریلیا، امریکہ، متحدہ عرب امارات، فرانس، جرمنی، سری لنکا اور بنگلہ دیش کی فضائی افواج حصہ لے رہی ہیں۔
اس مشق کا مقصد مشترکہ تربیت، عملی تجربات کے تبادلے اور ایک دوسرے کے طریقۂ کار سے واقفیت کے ذریعے شریک ملکوں کی فضائی افواج کے درمیان تال میل کو بہتر بنانا ہے۔ اس کے علاوہ کئی دوسرے ملکوں کے نمائندے بھی مبصرین کی حیثیت سے اس مشق میں شرکت کر رہے ہیں۔ مشق کے دوران پیشہ ورانہ تبادلۂ خیال، سیمینار اور دیگر سرگرمیاں بھی منعقد کی جا رہی ہیں، جن کا مقصد شریک ملکوں کی فضائی افواج کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔