حیدرآباد: مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) کے شعبۂ ابلاغ عامہ و صحافت میں ریڈیو پوڈکاسٹ اسٹوڈیو اور پروفیسر سید عین الحسن میڈیا آرکائیول ڈسپلے یونٹ کا افتتاح کیا گیا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے ریڈیو پوڈکاسٹ اسٹوڈیو کا افتتاح کیا، جبکہ ان کے نام سے قائم میڈیا آرکائیول ڈسپلے یونٹ کا افتتاح یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ایس کے اشتیاق احمد نے کیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ معاشرے کی ضروریات کو سمجھیں اور میڈیا کے میدان میں اپنی الگ شناخت قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں کام کرنے والوں کے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ وہ کس سے بات کر رہے ہیں اور ان کے ناظرین، سامعین اور قارئین کی توقعات کیا ہیں۔ لوگوں کی ضروریات کو سمجھے بغیر اپنی بات مؤثر انداز میں پہنچانا مشکل ہے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ مولانا ابوالکلام آزاد نے اپنے دور میں معاشرے کی ضروریات کو سمجھتے ہوئے ’الہلال‘ اور ’البلاغ‘ جیسے اخبارات کے ذریعے لوگوں تک اپنی بات پہنچائی اور ان میں بیداری پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ صحافت کے طلبہ کو مولانا آزاد کی وراثت سے تحریک حاصل کرنی چاہیے، سماجی مسائل کو سمجھنا چاہیے اور عام لوگوں تک ان کی بات پہنچانے کی کوشش کرنی چاہیے۔
پروفیسر سید عین الحسن نے کہا کہ صحافت اور ابلاغ عامہ میں زبان، لہجے، آواز اور اسکرین کے معیار کی خاص اہمیت ہے۔ طلبہ کو ایسی آسان زبان استعمال کرنی چاہیے جسے عام لوگ بآسانی سمجھ سکیں۔ اپنی صلاحیتوں کا درست استعمال کرکے وہ میڈیا کے میدان میں نمایاں شناخت بنا سکتے ہیں۔
یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر ایس کے اشتیاق احمد نے میڈیا آرکائیول ڈسپلے یونٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ابلاغ کے ذرائع کی تاریخ اور وقت کے ساتھ ان میں آنے والی تبدیلیوں کو محفوظ رکھنا آج کی اہم ضرورت ہے۔ تاریخی مواد کو محفوظ رکھنے سے آنے والی نسلوں کو یہ سمجھنے میں مدد ملے گی کہ مختلف ادوار میں میڈیا نے کس طرح کی تبدیلیوں اور چیلنجوں کا سامنا کیا۔ انہوں نے شعبۂ صحافت میں نئے نصاب شروع کرنے اور بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی ستائش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ فلم سازی جیسے عملی نصاب کے لیے بہتر سہولتیں فراہم کرنا ضروری ہے اور اس سمت میں شعبے نے قابلِ تعریف کام کیا ہے۔ انہوں نے شعبے کو دوسرے اہم تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون بڑھانے کا مشورہ بھی دیا، تاکہ طلبہ کو سیکھنے، تربیت حاصل کرنے اور آگے بڑھنے کے مزید مواقع مل سکیں۔ شعبۂ ابلاغ عامہ و صحافت کے ڈین پروفیسر احتشام احمد خان نے بتایا کہ شعبے میں رواں تعلیمی سال سے فلم سازی میں ایم اے کا نصاب شروع کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نصاب کا مقصد طلبہ کو فلم سازی کے میدان میں معیاری تعلیم اور عملی تربیت فراہم کرنا ہے۔ اس کے ذریعے طلبہ فلم سازی کی تکنیکوں کو سمجھ سکیں گے، اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھار سکیں گے اور اس شعبے میں پیشہ ورانہ مستقبل کے لیے خود کو تیار کر سکیں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ نصاب طلبہ کو اپنی صلاحیتیں دکھانے اور فلم سازی کے میدان میں آگے بڑھنے کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔ تقریب میں ایم ایم ٹی ٹی سی کی ڈائریکٹر پروفیسر سنیما فاطمہ، انسٹرکشنل میڈیا سینٹر (آئی ایم سی) کے ڈائریکٹر رضوان احمد خان، شعبۂ سماجی خدمت کے سربراہ پروفیسر ایم ڈی شاہد رضا کے علاوہ شعبۂ صحافت کے دیگر اساتذہ، ریسرچ اسکالرز اور بڑی تعداد میں طلبہ موجود تھے۔ ریڈیو پوڈکاسٹ اسٹوڈیو اور میڈیا آرکائیول ڈسپلے یونٹ کا آغاز صحافت کے طلبہ کو عملی تربیت فراہم کرنے اور میڈیا کی تاریخ کو محفوظ رکھنے کی سمت میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔