رانچی: جھارکھنڈ میں ووٹر فہرستوں کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے تحت ’میپنگ نہ ہونے‘ کے 56.4 فیصد، ’منطقی تضاد‘ کے 79.63 فیصد اور ’دیگر‘ زمرے کے 98.67 فیصد معاملات کی سماعت مکمل ہو چکی ہے۔ ایک افسر نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ مغربی سنگھ بھوم ضلع ’میپنگ نہ ہونے‘ اور ’منطقی تضاد‘ سے متعلق معاملات کے نمٹارے میں سب سے آگے رہا۔ ضلع میں ان دونوں زمروں کے بالترتیب 97.99 فیصد اور 100 فیصد معاملات نمٹا دیے گئے ہیں۔ چیف الیکشن آفیسر (سی ای او) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ’میپنگ نہ ہونے‘ کے کل 14,04,033 معاملات میں سے 7,91,959 کا نپٹارا ہو چکا ہے۔
اسی طرح ’منطقی تضاد‘ کے 45,49,961 معاملات میں سے 36,23,189 معاملات نمٹا دیے گئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ’دیگر‘ زمرے کے کل 1,61,65,853 معاملات میں سے 1,59,50,081 معاملات کا نپٹارا کیا جا چکا ہے۔ ’میپنگ نہ ہونے‘ کے معاملات نمٹانے میں صاحب گنج، پلامو اور جامتاڑا سب سے پیچھے رہے۔ ان اضلاع میں بالترتیب 35.26 فیصد، 36.05 فیصد اور 37.81 فیصد معاملات نمٹائے گئے ہیں۔ ’منطقی تضاد‘ کے زمرے میں بھی پلامو 61.45 فیصد معاملات نمٹانے کے ساتھ سب سے پیچھے رہا۔ اس کے بعد صاحب گنج میں 63.47 فیصد اور پاکوڑ میں 64.96 فیصد معاملات کا نپٹارا ہوا ہے۔
چیف الیکشن آفیسر کے روی کمار نے تمام اضلاع میں زیر التوا معاملات کو تیزی سے نمٹانے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے سست رفتار سے کام کرنے والے اضلاع کو ہدایت دی کہ وہ زیر التوا معاملات کو ترجیحی بنیاد پر نمٹائیں اور مقررہ مدت کے اندر ان کا نپٹارا یقینی بنائیں۔ جھارکھنڈ میں ووٹر فہرستوں کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے تحت دعووں اور اعتراضات کا نپٹارا فی الحال جاری ہے۔ اس کے لیے 23 نومبر آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن 30 نومبر کو حتمی ووٹر فہرست شائع کرے گا۔ الیکشن کمیشن نے 5 اگست کو مسودہ ووٹر فہرست جاری کیا تھا، جس میں 43.61 لاکھ نام حذف کیے گئے تھے۔ نظرثانی کا عمل شروع ہونے سے پہلے جھارکھنڈ میں 2.64 کروڑ ووٹر تھے۔ مسودہ ووٹر فہرست میں 2.21 کروڑ ووٹر شامل ہیں، جن میں 1.08 کروڑ خواتین اور تیسری جنس کے 260 ووٹر شامل ہیں۔