نئی دہلی: دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے پیر کو کہا کہ ایک مضبوط، خود کفیل اور ترقی پسند معاشرے کی تعمیر اسی وقت ممکن ہے جب لڑکیوں کو تعلیم، تحفظ اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔ لڑکیوں کو خدائی طاقت کا مظہر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا احترام کرنا، انہیں تعلیم دینا، ان کی حفاظت یقینی بنانا اور انہیں بااختیار بنانا ہی حقیقی سماجی ترقی کی بنیاد ہے۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا، ’’ہر بیٹی کو آگے بڑھنے، اپنے خواب پورے کرنے اور اپنی صلاحیتوں کی بدولت نئی بلندیوں تک پہنچنے کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔‘‘ ریکھا گپتا نے مہانوامی کے مقدس موقع پر اپنے اہل خانہ کے ساتھ کنیا پوجن کیا اور بیٹیوں کے احترام، روشن مستقبل، خوشی اور خوش حالی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ لڑکیاں خود طاقت کا مظہر ہیں اور ان کا احترام، تعلیم، تحفظ اور بااختیار بنانا ہی معاشرے کی حقیقی ترقی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا، ’’کنیا پوجن محض ایک مذہبی روایت نہیں، بلکہ یہ بیٹیوں کے تئیں احترام، ہمدردی اور ذمہ داری کا جذبہ اپنانے کا موقع بھی ہے۔ اس روایت کا حقیقی مفہوم اسی وقت پورا ہوگا جب خاندان اور معاشرے میں ہر بیٹی کو عزت ملے، اسے اچھی تعلیم حاصل ہو اور وہ خود اعتمادی کے ساتھ اپنا مستقبل سنوار سکے۔‘
‘ انہوں نے ماتا رانی سے تمام بیٹیوں کی خوشی، خوش حالی اور کامیابی کے لیے دعا کی۔ ریکھا گپتا نے لڑکیوں کے لیے شروع کی گئی ’لکھ پتی بٹیا‘ اور ’ودیا واہنی‘ جیسی اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت بیٹیوں کی تعلیم، تحفظ اور معاشی خود مختاری کے لیے پُرعزم ہے۔
ان اسکیموں کے ذریعے لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے اور انہیں طویل مدت تک معاشی تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ’’بیٹیوں کی پوجا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے خوابوں کا احترام کرنا بھی ضروری ہے۔ جب ہر بیٹی کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا، تبھی ترقی یافتہ دہلی اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کا عزم مزید مضبوط ہوگا۔‘‘