جموں: جموں و کشمیر کے وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کے روز کہا کہ مرکز کے زیرِ انتظام علاقے میں کاروبار شروع کرنے والی کمپنیوں کو مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تربیت یافتہ مقامی ملازمین دستیاب نہ ہونے کا بہانہ بنا کر باہر کے لوگوں کو ملازمتیں دینے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔
عمر عبداللہ جموں، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع میں 30 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھنے اور افتتاح کرنے کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے دہرایا کہ جموں و کشمیر حکومت تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے لیے پُرعزم ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ کمپنیوں کو مقامی نوجوانوں کو تربیت دینے کے لیے چھ ماہ سے ایک سال تک کا وقت دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے، یہاں کے نوجوانوں کو صرف اپنی قابلیت دکھانے کا موقع ملنا چاہیے۔ کٹھوعہ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا، ’’ہم یہ بہانہ برداشت نہیں کریں گے کہ مقامی سطح پر تربیت یافتہ نوجوان دستیاب نہیں ہیں۔ ہم آپ کو اپنے نوجوانوں کو تربیت دینے کے لیے چھ ماہ یا ایک سال کا وقت دے سکتے ہیں۔ ہمارے یہاں اکیڈمیاں، تربیتی مراکز، کالج اور یونیورسٹیاں موجود ہیں۔‘‘