مودی کے اسکول ساتھی اصغر علی کو ملا انصاف، بی جے پی رکن اسمبلی نے متنازع زمین کا قبضہ چھوڑ دیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 16-09-2026
مودی کے اسکول ساتھی کی شکایت پر پیش رفت، بی جے پی رکن اسمبلی نے متنازع زمین کا قبضہ چھوڑ دیا
مودی کے اسکول ساتھی کی شکایت پر پیش رفت، بی جے پی رکن اسمبلی نے متنازع زمین کا قبضہ چھوڑ دیا

 



 ممبئی: وزیر اعظم نریندر مودی کے اپنے اسکول کے ساتھی اور 81 سالہ بزرگ اصغر علی وورا سے ملاقات کے چند روز بعد بھیوندر میں متنازع زمین کے معاملے نے نئی رخ اختیار کرلیا ہے۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی نریندر مہتا نے منگل کو کہا کہ وہ متنازع زمین کا قبضہ چھوڑ رہے ہیں اور اس پلاٹ پر تعمیر کے لیے حاصل کی گئی اجازت بھی واپس کر رہے ہیں۔

نریندر مہتا نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ بزرگ اصغر علی وورا کے خلاف پہلے درج کرائی گئی شکایت واپس لے رہے ہیں۔ ان کے مطابق دونوں فریقوں کے درمیان معاملہ طے ہوگیا ہے۔

وزیر اعظم سے ملاقات میں زمین کا مسئلہ اٹھایا

اصغر علی وورا نے گجرات کے وڈنگر میں واقع بی این اسکول میں نریندر مودی کے ساتھ تعلیم حاصل کی تھی۔ وورا نے 8 ستمبر کو وزیر اعظم سے ملاقات کرکے بھیوندر میں اپنی زمین سے متعلق تنازع میں مداخلت کی درخواست کی تھی۔

وورا کے مطابق انہوں نے 1989 میں بھیوندر ایسٹ کے ناوگھر علاقے میں تقریباً 2,810 مربع میٹر زمین خریدی تھی۔ ان کا الزام تھا کہ 2011 میں سویَم بلڈرز اور نریندر مہتا کی سیون الیون کنسٹرکشنز نے اس زمین پر قبضہ کرلیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ تقریباً 15 برس سے مختلف سرکاری محکموں اور حکام کے سامنے اس معاملے کو اٹھاتے رہے ہیں۔

وورا نے بتایا تھا کہ وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران انہیں مسئلے کے حل کے حوالے سے مثبت ردعمل ملا تھا۔ اس ملاقات اور وورا کی شکایت کی خبر ٹائمز آف انڈیا نے 13 ستمبر کو شائع کی تھی۔

منترالیہ میں ہوئی اہم میٹنگ

وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد سرکاری حکام نے بھی اس معاملے کا جائزہ لینا شروع کیا۔ منگل کو وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری شریکار پردیشی نے منترالیہ میں ایک میٹنگ طلب کی، جس میں اصغر علی وورا، نریندر مہتا، میرا-بھایندر میونسپل کمشنر رادھا ونود شرما اور ٹاؤن پلانر پروشوتّم شندے نے شرکت کی۔

میٹنگ کے دوران نریندر مہتا نے ٹاؤن پلاننگ ڈپارٹمنٹ کو ایک خط پیش کیا، جس میں انہوں نے متنازع زمین کا قبضہ چھوڑنے اور پلاٹ پر دی گئی تعمیراتی اجازت واپس کرنے کی اطلاع دی۔

مہتا نے اپنے خط میں کہا کہ مذکورہ زمین انہوں نے 2019 میں مروین فرنانڈس نامی شخص سے خریدی تھی۔

بزرگ کے خلاف شکایت بھی واپس لی

نریندر مہتا نے پولیس کمشنر کو ایک الگ خط لکھ کر اصغر علی وورا کے خلاف اپنی سابقہ شکایت واپس لینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں کے درمیان معاملہ طے پا گیا ہے۔اس پیش رفت کے بعد بھیوندر کی متنازع زمین سے متعلق تقریباً 15 سال پرانا تنازع ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔

 اصغر علی وورا کون ہیں؟

رپورٹس کے مطابق 81 سالہ اصغر علی وورا ممبئی کے میرا روڈ کے رہائشی ہیں۔ وہ گجرات کے وڈنگر میں واقع بی این اسکول میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ہم جماعت رہے ہیں۔وورا نے 8 ستمبر کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور ممبئی کے بھیوندر ایسٹ میں کئی دہائیوں سے جاری زمین کے تنازع میں مداخلت کی درخواست کی تھی انہوں نے معاملے کی سی بی آئی سے تحقیقات کرانے کی بھی اپیل کی تھی ۔ وورا کے مطابق وہ کئی برس سے مختلف سرکاری محکموں اور پولیس کے ذریعے اس تنازع کو حل کرانے کی کوشش کرتے رہے، لیکن معاملہ حل نہ ہونے کے بعد انہوں نے اپنے سابق ہم جماعت وزیر اعظم مودی سے مدد کی درخواست کی۔

کیا ہے پورا معاملہ؟

یہ تنازع بھیوندر ایسٹ کے ناوگھر علاقے میں واقع 2,810 مربع میٹر زمین سے متعلق ہے، جسے اصغر علی وورا کے مطابق انہوں نے 1989 میں خریدا تھا۔وورا کا الزام ہے کہ 2011 میں سویم بلڈرز اور سیون الیون کنسٹرکشنز نے ان کی زمین پر مبینہ طور پر قبضہ کرلیا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ان کی معلومات کے بغیر دستاویزات میں مبینہ جعل سازی کی گئی اور مذکورہ زمین پر ملکیت کا دعویٰ پیش کیا گیا۔

وورا کے مطابق بعد میں زمین کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا اور دونوں حصوں کا قبضہ دو تعمیراتی کمپنیوں کے نام درج کردیا گیا۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ بی جے پی رکن اسمبلی نریندر مہتا کا تعلق سیون الیون کنسٹرکشنز سے ہے۔

زمین کے تنازع کے سلسلے میں 2015 میں پولیس نے ایف آئی آر درج کی تھی، تاہم ایک دہائی سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔

وورا کا کہنا ہے کہ انہوں نے انصاف کے لیے ریونیو محکمہ، میونسپل کارپوریشن اور پولیس سمیت مختلف سرکاری محکموں اور اداروں سے رجوع کیا، لیکن انہیں معاملے کا کوئی حتمی حل نہیں مل سکا۔

بالآخر میرا روڈ کے رہائشی اصغر علی وورا نے اپنے سابق اسکول ساتھی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے اس معاملے میں مداخلت کی درخواست کی۔

وزیر اعظم مودی نے اپنے اسکول ساتھی سے کیا کہا؟

وزیر اعظم مودی سے ملاقات کے بعد مقامی انتظامیہ نے معاملے کا نوٹس لیا۔ 16 ستمبر کو باقاعدہ سماعت مقرر کی گئی تھی  اور سیون الیون کنسٹرکشنز اور سویم بلڈرز کے نمائندوں کو بھی سماعت میں موجود رہنے کی ہدایت دی گئی تھی ۔وزیر اعظم اور وورا کے درمیان ملاقات میں کیا گفتگو ہوئی، اس کی تفصیلات عوامی طور پر سامنے نہیں آئی ہیں۔ تاہم اصغر علی وورا نے امید ظاہر کی تھی کہ اب انہیں انصاف ملے گا اور کئی برس سے جاری زمین کا تنازع حل ہوسکے گا۔مہاراشٹر کے وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نے وزیر اعظم مودی اور اصغر علی وورا کی ملاقات کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں