پرنس ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے ممبئی میں سچن تندولکر کے ساتھ کُلّڑ والی چائے کا لطف اٹھایا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 16-11-2026
پرنس ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے ممبئی میں سچن تندولکر کے ساتھ کُلّڑ والی چائے کا لطف اٹھایا
پرنس ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے ممبئی میں سچن تندولکر کے ساتھ کُلّڑ والی چائے کا لطف اٹھایا

 



ممبئی :پرنس ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے پیر کے روز ممبئی کے بالارڈ اسٹیٹ میں سڑک کنارے واقع ایک چائے کی دکان پر چائے کا لطف اٹھایا۔ اس موقع پر کرکٹ کے عظیم کھلاڑی سچن تندولکر بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ تینوں نے روایتی کُلّڑ میں چائے پی۔شاہی جوڑے کا یہ غیر رسمی دورہ اسی دن اسکول کے بچوں کے ساتھ گلی کرکٹ کھیلنے کے بعد ہوا۔ اس موقع پر علاقے میں موجود لوگوں کی توجہ بھی ان کی جانب مبذول ہوگئی۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں پرنس ولیم اور شہزادی کیٹ کو کُلّڑ میں چائے پیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ سچن تندولکر بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ اس دوران تینوں خوشگوار ماحول میں گفتگو کرتے نظر آئے۔ایک ویڈیو میں پرنس ولیم کو قریب موجود ایک بچے سے بات چیت کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے جبکہ کیٹ مڈلٹن اور سچن تندولکر آپس میں گفتگو کررہے ہیں۔

چائے فروش نے سنایا یادگار ملاقات کا احوال

چائے تیار کرنے اور شاہی جوڑے کو پیش کرنے والے مقامی دکاندار منوج نے اس ملاقات کو اپنی زندگی کا یادگار تجربہ قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ شاہی جوڑے نے چائے کی تعریف بھی کی۔منوج نے کہا کہ میں نے چائے بنائی اور انہیں پیش کی۔ انہوں نے چائے پی اور انہیں پسند آئی۔ سچن تندولکر سے ملنے کا بھی یہ میرا پہلا موقع تھا۔ پرنس ولیم اور شہزادی کیٹ نے بھی چائے کی تعریف کی اور اسے پی کر خوشی کا اظہار کیا۔

شاہی جوڑے نے بچوں کے ساتھ کھیلی گلی کرکٹ

اس سے قبل پرنس ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے بالارڈ اسٹیٹ میں اسکول کے بچوں کے ساتھ گلی کرکٹ کھیلی۔ اس موقع پر سچن تندولکر بھی کھیل میں شریک ہوئے۔ شاہی جوڑے کو کرکٹ کھیلتے دیکھنے کے لیے سینکڑوں تماشائی جمع ہوگئے۔سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں پرنس ولیم کو بیٹنگ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ بچے باری باری بولنگ اور فیلڈنگ کررہے تھے۔ سچن تندولکر نے فیلڈنگ کی جبکہ شہزادی کیٹ نے بھی بیٹنگ میں حصہ لیا۔ ایک موقع پر پرنس ولیم بولنگ کرتے نظر آئے اور سچن تندولکر نے بلے بازی کی۔اس دوران تماشائیوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور فضا میں ’جے ہو‘ گانا گونجتا رہا۔ بچوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے اور بعد میں سڑک کنارے چائے پینے کا یہ پروگرام ہندوستان کے دورے کے پہلے دن ممبئی میں شاہی جوڑے کی مصروفیات کا حصہ تھا۔

ارتھ شاٹ پرائز کے لیے ممبئی پہنچا شاہی جوڑا

پرنس ولیم اور شہزادی کیتھرین پیر 16 نومبر کو ممبئی پہنچے۔ یہ ایک دہائی بعد ان کا ہندوستان کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ شاہی جوڑا تین روزہ دورے پر ہندوستان آیا ہے جس کا اہم مقصد 2026 کے ارتھ شاٹ پرائز کی تقریب میں شرکت کرنا ہے۔ یہ تقریب منگل 17 نومبر کو ممبئی میں منعقد ہوگی۔ارتھ شاٹ پرائز کی بنیاد پرنس ولیم نے رکھی تھی۔ اس کا مقصد ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیے اختراعی اقدامات کی حوصلہ افزائی اور ان کی معاونت کرنا ہے۔ ان مسائل میں موسمیاتی تبدیلی۔ فضائی آلودگی۔ کچرے کا انتظام۔ سمندری ماحول کا تحفظ اور حیاتیاتی تنوع کا نقصان شامل ہیں۔ہر سال 5 فاتحین کا انتخاب کیا جاتا ہے اور ہر ایک کو اپنے ماحولیاتی منصوبے کو وسعت دینے کے لیے 10 لاکھ پاؤنڈ کی رقم دی جاتی ہے۔ہندوستان میں ہونے والی 2026 کی تقریب میں ماحولیاتی تحفظ کے شعبے میں ملک کی اختراعی کوششوں اور نوجوان کاروباری افراد کے کردار کو نمایاں کیے جانے کی توقع ہے۔