نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کو منعقد ہونے والے روزگار میلے میں مختلف سرکاری محکموں اور اداروں میں نئے مقرر کیے گئے 51 ہزار سے زائد افراد کو تقرری خطوط تقسیم کریں گے۔ وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، مودی ویڈیو کانفرنس کے ذریعے نئے منتخب امیدواروں سے خطاب بھی کریں گے۔
روزگار میلہ ملک بھر میں 45 مقامات پر منعقد کیا جائے گا۔ اس کے ذریعے منتخب ہونے والے امیدوار مرکزی حکومت کی مختلف وزارتوں اور محکموں میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ ان میں محکمہ محصولات، وزارت ریلوے، وزارت داخلہ، وزارت صحت و خاندانی بہبود، محکمہ مالیاتی خدمات اور وزارت دفاع شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’روزگار میلہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملک کی ترقی کے سفر میں ان کی زیادہ سے زیادہ شمولیت یقینی بنانے پر حکومت کی مسلسل توجہ کی عکاسی کرتا ہے۔‘‘ بیان کے مطابق 20ویں روزگار میلے کے انعقاد کے ساتھ مختلف سرکاری محکموں اور اداروں میں مجموعی طور پر تقریباً 12.75 لاکھ نوجوانوں کو تقرری خطوط دیے جاچکے ہوں گے۔