وزیر اعظم نے اتراکھنڈ کے یومِ تاسیس پر مبارک باد دی، 26 سالہ ترقیاتی سفر کو سراہا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 09-11-2026
وزیر اعظم نے اتراکھنڈ کے یومِ تاسیس پر مبارک باد دی، 26 سالہ ترقیاتی سفر کو سراہا
وزیر اعظم نے اتراکھنڈ کے یومِ تاسیس پر مبارک باد دی، 26 سالہ ترقیاتی سفر کو سراہا

 



نئی دہلی/دہرادون: وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز اتراکھنڈ کے یومِ تاسیس پر ریاست کے عوام کو مبارک باد دی اور گزشتہ 26 برس کے ترقیاتی سفر اور اس کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ مرکز اور ریاستی حکومت کی مشترکہ کوششوں سے اتراکھنڈ ’ترقی یافتہ اتراکھنڈ سے ترقی یافتہ ہندوستان‘ کے عزم کی سمت میں مسلسل آگے بڑھتا رہے گا۔ اتراکھنڈ کا قیام 9 نومبر 2000 کو عمل میں آیا تھا۔ وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کو بھیجے گئے ایک خط میں ریاست کے تمام شہریوں کو اس موقع پر مبارک باد دی اور کہا کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی دوراندیشی اور پختہ عزم کے نتیجے میں ایک الگ ریاست کے طور پر وجود میں آنے والے اتراکھنڈ کے یومِ تاسیس کی سالگرہ یہاں کے ’’عوام کی بے مثال ہمت، غیر متزلزل خودداری اور مسلسل ترقی کے عزم‘‘ کو سلام پیش کرنے کا موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کی تشکیل کے وقت اتراکھنڈ کے قیام کے پیچھے جو خواہشات تھیں، ریاست انہیں پورا کرنے کی سمت میں مسلسل آگے بڑھ رہی ہے۔ ہمالیہ کی بلند چوٹیوں کے درمیان واقع اتراکھنڈ کو ’’قدرت کے بے مثال حسن اور روحانی عظمت کا سنگم‘‘ قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ گنگا اور یمنا جیسی مقدس ندیوں کا سرچشمہ اسی سرزمین سے نکلتا ہے، جبکہ پنچ کیدار، پنچ پریاگ اور چار دھام کی روایت اتراکھنڈ کو ملک میں عقیدت کا ایک اہم مرکز بناتی ہے۔ اتراکھنڈ سے اپنے دیرینہ تعلق کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تنظیمی کاموں کے دوران انہوں نے ریاست کے کئی علاقوں میں طویل وقت گزارا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیدارناتھ کی مقدس غار میں سادھنا، آدی کیلاش کا روحانی سفر، بگھیالوں کی برکت اور ماؤں بہنوں کی محبت آج بھی ان کی یادوں میں زندہ ہے۔ وزیر اعظم نے اتراکھنڈ کو دنیا کا روحانی دارالحکومت بننے کی بھرپور صلاحیت رکھنے والی ریاست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ڈبل انجن‘ حکومت اس مقصد کے حصول کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ’ترقی یافتہ اتراکھنڈ سے ترقی یافتہ ہندوستان‘ کے عزم کو پورا کرنے کے لیے گزشتہ ایک دہائی میں ریاست میں رابطہ کاری اور بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر وسعت دی گئی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں مرکز کی جانب سے 890 کلومیٹر طویل چار دھام آل ویدر روڈ منصوبے پر 11 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری اور 125 کلومیٹر طویل زیر تعمیر رشی کیش-کرن پریاگ ریل لائن منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے چار دھام یاترا کو آسان بنانے کے ساتھ ریاست کی اقتصادی اور سماجی ترقی کو بھی نئی رفتار دیں گے۔

انہوں نے حال ہی میں مکمل ہونے والے دہلی-دہرادون ایکسپریس وے کو بھی اتراکھنڈ کے سیاحت، تجارت اور صنعتوں کے لیے ایک نئی تبدیلی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دہرادون ہوائی اڈے کی توسیع، پتھورا گڑھ ہوائی اڈے کا آپریشن، بنبسا میں نئے ہیلی پیڈ کی منظوری اور ہیلی پورٹ و ہیلی پیڈ کے نیٹ ورک میں توسیع سے ریاست میں فضائی رابطہ مضبوط ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کیدارناتھ دھام کی تعمیر نو کو خصوصی اہمیت کا حامل کام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے لیے سیکڑوں کروڑ روپے کے کام کیے گئے ہیں، جبکہ بدری ناتھ دھام میں بھی تقریباً 500 کروڑ روپے کی لاگت سے ریور فرنٹ، پلازا اور ماسٹر پلان کے تحت ترقیاتی اور خوبصورتی کے کام کیے جا رہے ہیں۔

مودی نے سرحدی دیہات کو محض سرحدوں کی شناخت نہیں بلکہ ملک کی سلامتی اور طاقت کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’وائبرنٹ ولیج پروگرام‘ کے تحت مانا، جادونگ، تِمرسین، نیتی اور گنجی جیسے دیہات میں مقامی ثقافت، دست کاری اور سیاحت کو فروغ دینے کے ساتھ بنیادی سہولیات میں توسیع اور مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔ اتراکھنڈ کی معیشت میں سیاحت کے اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سال بھر سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ایڈونچر ٹورزم، ’365 ڈے ٹورزم‘، سرمائی سیاحت، شادیوں کی سیاحت اور پائیدار سیاحت کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے ہری دوار میں اگلے سال ہونے والے اردھ کمبھ میلے کی تیاریوں کے لیے مرکز کی جانب سے 500 کروڑ روپے کی امداد کا ذکر کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ یہ میلہ ملک اور دنیا بھر سے آنے والے عقیدت مندوں کے لیے ایک ناقابل فراموش تجربہ ثابت ہوگا۔ وزیر اعظم نے ریاست میں سماجی اور اقتصادی ترقی، توانائی، پینے کے پانی، خواتین کو بااختیار بنانے، سابق فوجیوں، کسانوں اور کھلاڑیوں کے لیے مختلف منصوبوں کے ساتھ تعلیم اور صحت کی سہولیات میں توسیع کے لیے کیے جا رہے اقدامات کو بھی سراہا۔

مودی نے اتراکھنڈ میں یکساں سول کوڈ نافذ کیے جانے کو ملک کے لیے ایک مثال قرار دیا اور سخت انسدادِ نقل قانون، تبدیلیٔ مذہب کے قانون اور اراضی قانون میں شفافیت جیسے اقدامات کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے اتراکھنڈ کی لوک ثقافت، روایتی تہواروں اور کھان پین کا بھی خصوصی ذکر کیا اور کہا کہ یہ ریاست کی منفرد شناخت ہیں۔ وزیر اعظم نے یقین ظاہر کیا کہ مرکز اور ریاستی حکومت کی مشترکہ کوششوں سے اتراکھنڈ آئندہ بھی ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا، ’’ہمارا عزم ہے کہ اتراکھنڈ کا ہر گاؤں، ہر خاندان اور ہر نوجوان ترقی کے مواقع سے جڑے اور اسی عزم کے ساتھ ہم ’ترقی یافتہ اتراکھنڈ سے ترقی یافتہ ہندوستان‘ کی سمت میں آگے بڑھتے رہیں گے۔‘‘

وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے وزیر اعظم کی جانب سے بھیجے گئے مبارک باد کے پیغام اور اتراکھنڈ کے ترقیاتی سفر کو سراہنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا ریاست سے خصوصی لگاؤ اور قلبی تعلق ہمیشہ ریاست کے عوام کے لیے تحریک کا ذریعہ رہا ہے۔ دھامی نے کہا کہ وزیر اعظم کی رہنمائی اور مرکز کی مسلسل مدد سے ریاست میں ترقی کے نئے امکانات کو عملی شکل دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے ظاہر کیے گئے اعتماد اور توقعات سے ریاستی حکومت کا عزم مزید مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ’ترقی یافتہ اتراکھنڈ سے ترقی یافتہ ہندوستان‘ کے عزم کو پورا کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کرنے کے لیے مسلسل کوشش کر رہی ہے۔