نئی دہلی، وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائے نے جمعہ کو بتایا کہ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو 22 اکتوبر سے چھتیس گڑھ کے دو روزہ دورے پر ہوں گی۔ اس دوران وہ دنیا بھر میں مشہور بستر دسہرہ تہوار کے تحت منعقد ہونے والے روایتی ’مریا دربار‘ میں شرکت کریں گی۔
وشنو دیو سائے نے یہاں صحافیوں سے کہا، ’’ہم نے صدر جمہوریہ کو بستر دسہرہ میں شرکت کی دعوت دی تھی اور انہوں نے ہماری دعوت قبول کر لی ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ اپنے دو روزہ دورے کے دوران صدر مرمو 23 اکتوبر کو بستر ضلع کے صدر مقام جگدل پور جائیں گی اور ’مریا دربار‘ میں حصہ لیں گی۔
حکام کے مطابق، ’مریا دربار‘ کو ایک روایتی قبائلی اجتماع یا ’قدیم عوامی پارلیمنٹ‘ سمجھا جاتا ہے۔ اس کا انعقاد بستر دسہرہ تہوار کے تحت کیا جاتا ہے۔ حکام نے بتایا کہ اس پروگرام کے دوران صدر جمہوریہ قبائلی برادری کے رہنماؤں اور پجاریوں سے بات چیت کریں گی۔