نئی دہلی: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ہفتہ کو دیوالی کی آمد سے ایک روز قبل ملک کے عوام کو مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ ہندوستانی اقدار سے متاثر ملک کے محب وطن نوجوان ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں جوش و خروش کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں گے۔ صدر جمہوریہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ دیوالی کا خوشی بھرا تہوار بھگوان شری رام کی راون پر فتح کے بعد ایودھیا واپسی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’بھگوان شری رام روشن دیوں کو دیکھ کر مسحور ہوگئے تھے۔‘‘ صدر نے کہا کہ دیوالی کی یہی ثقافتی اور روحانی اہمیت ہے۔ یہ تہوار رام راجیہ کے آغاز کی علامت بھی ہے۔ انہوں نے ملک کے ہر شہری کی اچھی صحت، خوشی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
صدر جمہوریہ نے کہا، ’’آئیے، ہم ماحول کا تحفظ کریں اور باہمی ہم آہنگی کے ساتھ زندگی گزاریں۔ ہندوستانی اقدار سے متاثر ہمارے ملک کے محب وطن نوجوان ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں پورے جوش و جذبے کے ساتھ اپنا تعاون پیش کریں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ دیوالی کا تہوار منفی رجحانات پر اچھائی کی فتح کی علامت ہے۔ یہ غموں کے خاتمے اور خوشحال و مسرت بھری زندگی کے آغاز کا پیغام بھی دیتا ہے۔
صدر نے مزید کہا کہ اس موقع پر لوگ نیک کاموں کے آغاز اور فلاح و بہبود کے لیے بھگوان گنیش اور خوشحالی کے لیے ماتا مہالکشمی کی پوجا کرتے ہیں۔ دروپدی مرمو نے کہا، ’’دیوالی کے اس مقدس موقع پر میں ہندوستان اور بیرون ملک مقیم تمام ہندوستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔‘‘