نئی دہلی: سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ دہلی اور قومی راجدھانی خطے (این سی آر) میں گاڑیوں سے نکلنے والے دھوئیں کے سبب آلودگی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، جس پر فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔ عدالت نے دہلی اور اس کے پڑوسی 3 ریاستوں کی حکومتوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مقررہ مدت پوری کرچکی گاڑیوں کے قومی راجدھانی خطے میں داخلے اور ان کے چلنے پر روک لگانے کے لیے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات پیش کریں۔ سپریم کورٹ نے دہلی، اتر پردیش، راجستھان اور ہریانہ کی حکومتوں کے علاوہ دہلی میونسپل کارپوریشن اور دہلی پولیس کو تفصیلی جواب داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے ان سے یہ بھی بتانے کو کہا ہے کہ دہلی-این سی آر میں گاڑیوں سے ہونے والی آلودگی کم کرنے اور فضائی معیار کو بہتر بنانے کے لیے مختصر اور طویل مدتی سطح پر مزید کون سے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں یا ان پر غور کیا جارہا ہے۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ مقررہ اخراجی معیارات پر پورا نہ اترنے والی گاڑیوں کی شناخت، نگرانی اور ان پر قابو پانے کے لیے کیے جارہے اقدامات کی تفصیلات بھی دیں۔ اس سلسلے میں آلودگی کنٹرول سرٹیفکیٹ (پی یو سی) کے ضابطوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کو بھی کہا گیا ہے۔
چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوئے مالیا باگچی اور جسٹس وی مہادیون پر مشتمل بنچ نے حکام سے دہلی اور این سی آر میں تجارتی اور غیر تجارتی گاڑیوں کے داخلے اور آمدورفت کو کنٹرول کرنے والے موجودہ ضابطوں اور ان پر عمل درآمد کے نظام کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ عدالت نے خاص طور پر پڑوسی ریاستوں سے آنے والی گاڑیوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کو کہا ہے۔ سپریم کورٹ نے این سی آر میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے معاملے پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے شروع کی گئی سماعت کے دوران 6 نومبر کو یہ حکم دیا تھا۔
بنچ نے کہا کہ اس کے سامنے پیش کیے گئے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہلی، اتر پردیش، ہریانہ اور راجستھان میں پرالی جلانے کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ عدالت نے کہا، ’’یہ یقیناً قابل ستائش ہے، لیکن انہی اعداد و شمار سے ایک اور اتنی ہی سنگین تشویش بھی سامنے آتی ہے، اور وہ ہے گاڑیوں سے ہونے والے اخراج کے سبب پیدا ہونے والی آلودگی میں تیزی سے اضافہ۔‘‘ سپریم کورٹ نے کہا کہ یہ بات ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ دہلی اور این سی آر جغرافیائی اور معاشی اعتبار سے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ اس لیے ان علاقوں کو صرف اپنی حدود میں چلنے والی گاڑیوں ہی نہیں بلکہ پڑوسی ریاستوں اتر پردیش، ہریانہ اور راجستھان سے آنے والی گاڑیوں کی آمدورفت کا بوجھ بھی مشترکہ طور پر اٹھانا پڑتا ہے۔
عدالت کے مطابق، علاقے کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں تجارتی اور غیر تجارتی گاڑیوں کے دہلی میں داخل ہونے اور یہاں چلنے سے صورت حال مزید سنگین ہوجاتی ہے اور گاڑیوں سے نکلنے والے دھوئیں کی وجہ سے آلودگی کا بوجھ بڑھ جاتا ہے۔ بنچ نے واضح کیا کہ اس مسئلے پر فوری مداخلت کی ضرورت ہے۔ عدالت نے متعلقہ حکام سے یہ بھی پوچھا ہے کہ این سی آر میں مقررہ مدت سے زیادہ پرانی، اپنی مقررہ میعاد پوری کرچکی یا دیگر ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے داخلے اور چلنے پر روک لگانے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کی گئی کارروائیوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔
بنچ نے دہلی اور پڑوسی ریاستوں کے حکام کے درمیان تال میل کے موجودہ نظام کی معلومات بھی مانگی ہیں، تاکہ بین ریاستی گاڑیوں کی آمدورفت کو منظم کیا جاسکے اور اخراجی معیارات پر عمل درآمد یقینی بنایا جاسکے۔ عدالت نے کہا کہ حکام کو موجودہ نفاذی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مجوزہ اقدامات اور ان پر عمل درآمد کا وقت مقررہ منصوبہ بھی پیش کرنا ہوگا۔ سپریم کورٹ نے ریاستوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ 2 ہفتوں کے اندر اپنے اقدامات کی تفصیلات پیش کریں۔ اس کے ساتھ ہی انہیں فضائی معیار کے انتظام سے متعلق کمیشن (سی اے کیو ایم) اور عدالتی معاون کی تجاویز پر اپنا جواب بھی داخل کرنا ہوگا اور آئندہ کیے جانے والے اقدامات کی تفصیلات بھی عدالت کے سامنے رکھنی ہوں گی۔
بنچ نے سپریم کورٹ کی رجسٹری کو ہدایت دی ہے کہ گاڑیوں سے ہونے والی آلودگی سے متعلق معاملے کو 23 نومبر کو سماعت کے لیے فہرست میں شامل کیا جائے۔ عدالت نے بتایا کہ سرسبز علاقوں کے تحفظ اور ان میں اضافے سے متعلق ازخود نوٹس کے معاملے کی سماعت 30 نومبر کو ہوگی، جبکہ تعمیراتی سرگرمیوں، بجلی گھروں اور دیگر صنعتوں سے ہونے والی آلودگی کے معاملے پر 26 نومبر کو سماعت ہوگی۔ ٹھوس کچرے کے انتظام، فصلوں کی باقیات اور پٹاخے جلانے سے متعلق معاملے کی سماعت 25 نومبر کو مقرر کی گئی ہے۔