پی ایم مودی 3 ہزار کروڑ کی 246 قبائلی ترقیاتی اسکیموں کا سنگ بنیاد رکھیں گے

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 14-11-2026
پی ایم مودی 3 ہزار کروڑ کی 246 قبائلی ترقیاتی اسکیموں کا سنگ بنیاد رکھیں گے
پی ایم مودی 3 ہزار کروڑ کی 246 قبائلی ترقیاتی اسکیموں کا سنگ بنیاد رکھیں گے

 



نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی اتوار کو ’جن جاتیہ گورو دیوس‘ کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر وہ تقریباً 3 ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے 246 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ یہ تقریب قبائلی مجاہد آزادی بھگوان برسا منڈا کی 151ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقد کی جارہی ہے۔ وزیر اعظم صبح 11 بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے مہاراشٹر کے گڑھ چرولی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کریں گے۔ ہفتہ کے روز جاری سرکاری بیان کے مطابق ان منصوبوں کا مقصد ملک بھر میں قبائلی برادریوں کے لیے تعلیم، صحت کی سہولیات، روزگار کے مواقع اور بنیادی سماجی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے۔ 246 منصوبوں میں سے 173 کا افتتاح کیا جائے گا۔

ان میں قبائلی طلبہ کے لیے 38 ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول اور ’پردھان منتری جن جاتی آدیواسی نیائے مہا ابھیان‘ (پی ایم جن من) کے تحت 100 کثیر المقاصد مراکز شامل ہیں۔ وزیر اعظم اروناچل پردیش کے ایٹا نگر میں قبائلی تحقیقاتی ادارے کی عمارت اور میزورم کے آئزول میں روپولیانی قبائلی مجاہد آزادی میوزیم کا بھی افتتاح کریں گے۔ یہ میوزیم میزورم کے قبائلی مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو اجاگر کرتا ہے اور 19ویں صدی کی قبائلی خاتون سردار روپولیانی کی یاد میں قائم کیا گیا ہے، جنہوں نے برطانوی نوآبادیاتی حکومت کی مخالفت کی تھی۔ جن منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا، ان میں 19 نئے ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول اور 12 قبائلی کثیر المقاصد مارکیٹنگ مراکز شامل ہیں۔

ان مراکز کا مقصد قبائلی مصنوعات تیار کرنے والوں کو بہتر بازار اور اپنی مصنوعات فروخت کرنے کے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے۔ دیگر 42 منصوبے پی ایم جن من اور ’دھرتی آبا جن جاتیہ گرام اُتکرش ابھیان‘ کے تحت شروع کیے جائیں گے۔ یہ تقریب یکم سے 15 نومبر تک ملک بھر میں منائے جانے والے ’جن جاتیہ گورو پکھواڑا‘ کی اختتامی تقریب بھی ہوگی۔ اس پکھواڑے کے دوران کئی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جارہا ہے، جن میں ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں کے طلبہ سے تبادلہ خیال، قومی قبائلی ادبی میلہ، قبائلی معالجین کے لیے تربیتی پروگرام، خاص طور پر کمزور قبائلی گروپوں کے لیے صحت اور تغذیہ کے کیمپ اور قبائلی دیہات میں عوامی خدمت کی سرگرمیاں شامل ہیں۔