پٹرول اور ڈیزل کے دام11 روز سے نہیں بڑھے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-03-2021
تمثیلی تصویر
تمثیلی تصویر

 

 

نئی دہلی: ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ سے پریشان لوگوں کے لئے راحت کی خبر ہے کہ گزشتہ چند دن سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت اپنی جگہ پر برقرارہے۔ بیرون ملک خام تیل کی قیمتوں میں نرمی کے درمیان بدھ کو گھریلو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بدھ کے روز مسلسل 11 ویں دن مستحکم رہیں۔

بیرون ملک کی منڈیوں میں لندن برینٹ خام تیل 68 ڈالر فی بیرل سے نیچے آگیا ہے۔ قومی دارالحکومت دہلی میں پٹرول کی قیمت 91.17 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 81.47 روپے فی لیٹر ہے۔ ان دونوں کی قیمتوں میں 27 فروری کو بالترتیب 24 پیسے اور 15 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا ۔

ان دونوں ایندھنوں کی قیمتیں ملک بھر میں ریکارڈ سطح پر برقرار ہیں۔ آئل مارکیٹنگ کی سرکاری کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق آج ان دونوں ایندھن کی قیمتیں مستحکم ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملک کی چار ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام پڈوچیری میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی وجہ سے پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی ہے۔ (ان پٹ ایجنسی)