پی ایف کی اجرت کی حد 25 ہزار روپے کرنے کے بعد سپریم کورٹ میں عرضی بے اثر

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 18-09-2026
پی ایف کی اجرت کی حد 25 ہزار روپے کرنے کے بعد سپریم کورٹ میں عرضی بے اثر
پی ایف کی اجرت کی حد 25 ہزار روپے کرنے کے بعد سپریم کورٹ میں عرضی بے اثر

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کو کہا کہ ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ اسکیم کے تحت اجرت کی حد میں نظرثانی سے متعلق عرضی پر مزید غور کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ مرکزی کابینہ نے ماہانہ اجرت کی حد 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ جسٹس بی وی ناگرتھنا اور جسٹس آگسٹین جارج مسیح کی بنچ اس عرضی پر سماعت کر رہی تھی، جس میں حکام کو 15 ہزار روپے ماہانہ کی موجودہ اجرت کی حد میں فوری نظرثانی کی ہدایت دینے کی درخواست کی گئی تھی۔ یہ حد 2014 سے تبدیل نہیں ہوئی تھی۔

عرضی گزار کے وکیل سے بنچ نے کہا، ’’ہم نے اخبارات میں پڑھا ہے۔ آپ کی تمام درخواستیں منظور کردی گئی ہیں۔‘‘ مرکزی حکومت نے 16 ستمبر کو ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) کے تحت لازمی کوریج کے لیے اجرت کی حد 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 25 ہزار روپے ماہانہ کرنے کی منظوری دی تھی۔ اس کا مقصد زیادہ ملازمین کو پروویڈنٹ فنڈ کی بچت اور پنشن کے تحفظ کے دائرے میں لانا ہے۔ سماعت کے دوران عرضی گزار کے وکیل نے کہا کہ اس سلسلے میں ابھی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے۔

بنچ نے کہا، ’’ہم اس بات کو نوٹ کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ اس عرضی پر مزید غور کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ کابینہ کے فیصلے کے بعد متعلقہ حکام کی جانب سے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔‘‘ بنچ نے وکیل سے یہ بھی کہا، ’’اخبارات میں شائع ہوا ہے کہ کابینہ نے فیصلہ کرلیا ہے۔ وہ نوٹیفکیشن جاری کردیں گے۔‘‘

عرضی میں مرکز اور ای پی ایف او کو ہدایت دینے کی درخواست کی گئی تھی کہ ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ اسکیم کے تحت اجرت کی حد میں مستقبل میں نظرثانی کے لیے کوئی متحرک فارمولہ یا واضح معیار طے کیا جائے۔ اس کے علاوہ سالانہ بنیاد پر اجرت کی حد میں باقاعدہ نظرثانی کا لازمی نظام وضع کرنے کی بھی درخواست کی گئی تھی، جس میں کم از کم اجرت، مہنگائی، صارف قیمت اشاریہ، انکم ٹیکس سے مستثنیٰ آمدنی کی حد اور فی کس خالص قومی آمدنی جیسے معاشی اشاریوں کو مدنظر رکھا جائے۔

مرکزی کابینہ کے اس فیصلے سے 51 لاکھ سے زیادہ اضافی ملازمین ای پی ایف او کی لازمی کوریج کے دائرے میں آسکتے ہیں۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے 16 ستمبر کو پریس بریفنگ میں یہ بات کہی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’’پروویڈنٹ فنڈ کی کٹوتی کے لیے ماہانہ 25 ہزار روپے کی تنخواہ نئی حد ہوگی۔‘‘ وزارت محنت و روزگار نے کہا تھا کہ نظرثانی شدہ اجرت کی حد 17 ستمبر، وشوکرما ڈے سے نافذ ہوگی۔