رام بن: جموں و کشمیر کے رام بن ضلع میں ہفتہ کو بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں کو لے جا رہی ایک گاڑی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام نے یہ اطلاع دی۔ حکام کے مطابق بی ایس ایف کی یہ گاڑی جموں جانے والے قافلے کا حصہ تھی۔
حادثہ جموں-سری نگر قومی شاہراہ پر چمبا-سیری کے قریب پیش آیا۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی کارروائی شروع کی گئی اور زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں سب انسپکٹر گھر سنگھ، ڈرائیور شمیم احمد اور کانسٹیبل سنیل کمار، پرشتوم کمار اور چندن یادو شامل ہیں۔ حکام کے مطابق شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے رہنے والے ڈرائیور شمیم احمد کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔