کراچی: پاکستان کی ہوزری اور نٹ ویئر برآمدی صنعت بڑھتے ہوئے پیداواری اخراجات اور دیگر مالی دباؤ کے باعث مشکلات کا شکار ہے۔ مہنگی فریٹ لاگت۔ ٹیکس ریفنڈ میں تاخیر اور بڑھتے ہوئے ریگولیٹری اخراجات نے عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقتی صلاحیت کو متاثر کیا ہے۔
ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ برآمدی آرڈرز کو تحفظ دیا جا سکے اور عالمی ملبوسات کی منڈی میں پاکستان کی پوزیشن مزید کمزور ہونے سے روکی جا سکے۔پی ایچ ایم اے کے مرکزی چیئرمین ضیا عالمدار حسین نے وفاقی سیکریٹری تجارت کو خط لکھ کر اس شعبے کو درپیش مشکلات پر فوری مشاورتی اجلاس طلب کرنے کی اپیل کی ہے۔ ایسوسی ایشن نے وزارت خزانہ۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام کو اجلاس میں شامل کرنے کی درخواست کی ہے۔
اجلاس میں صنعت کو درپیش مسائل کا جائزہ لے کر برآمد کنندگان کی مدد اور عالمی مسابقت برقرار رکھنے کے لیے عملی اقدامات پر غور کیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق صنعت کو بڑھتے ہوئے مینوفیکچرنگ اخراجات۔ مہنگی فریٹ لاگت۔ بجلی کی قلت۔ بلند توانائی نرخوں۔ بھاری ٹیکسوں اور نقدی کی کمی کے ساتھ ساتھ خطے کے دیگر ممالک کے برآمد کنندگان سے بڑھتے ہوئے مقابلے کا سامنا ہے۔
عالمی منڈیوں میں کمزور طلب نے بھی مشکلات میں اضافہ کیا ہے۔ اس صورتحال میں پاکستانی مینوفیکچررز کے لیے نئے آرڈرز حاصل کرنا اور موجودہ خریداروں کو برقرار رکھنا مشکل ہو رہا ہے۔سمندری فریٹ میں نمایاں اضافے نے برآمد کنندگان کا بوجھ مزید بڑھا دیا ہے۔ پی ایچ ایم اے کے مطابق کئی اہم عالمی مقامات تک شپنگ اخراجات میں 1.5 گنا سے 2.5 گنا تک اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں پاکستانی مصنوعات کی حتمی قیمت بڑھ گئی ہے۔
برآمد کنندگان کو اب اضافی اخراجات خود برداشت کرنے اور منافع کم کرنے یا یہ بوجھ غیر ملکی خریداروں پر منتقل کرنے کے درمیان فیصلہ کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسرے طریقے سے پاکستانی مصنوعات حریف ممالک کی مصنوعات کے مقابلے میں مزید مہنگی ہو سکتی ہیں۔پی ایچ ایم اے نے حکومت سے پیداواری۔ توانائی اور نقل و حمل کے بڑھتے اخراجات کے مقابلے میں عارضی ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ایسوسی ایشن کی تجاویز میں محدود مدت کے لیے شپمنٹ کی بنیاد پر فری آن بورڈ ویلیو کے 6 فیصد سے 8 فیصد تک ڈیوٹی ڈرا بیک آن لوکل ٹیکسز اینڈ لیویز کی عارضی سہولت بھی شامل ہے۔