عمر عبداللہ نے صحافی ندھی رازدان سے شادی کرلی، سری نگر میں نجی تقریب کا اہتمام

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 31-10-2026
عمر عبداللہ نے صحافی ندھی رازدان سے شادی کرلی، سری نگر میں نجی تقریب کا اہتمام
عمر عبداللہ نے صحافی ندھی رازدان سے شادی کرلی، سری نگر میں نجی تقریب کا اہتمام

 



نئی دہلی: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کے روز سری نگر میں ایک نجی تقریب کے دوران اپنی دیرینہ ساتھی اور معروف صحافی ندھی رازدان سے شادی کرلی۔ عمر عبداللہ نے سوشل میڈیا پر اپنی شادی کا اعلان کرتے ہوئے اسے ’’ایک نئے سفر کی شروعات‘‘ قرار دیا اور اپنی پوسٹ میں ندھی رازدان کو بھی ٹیگ کیا۔ دونوں کئی برسوں سے ایک دوسرے کے ساتھ تھے۔ عمر عبداللہ کی پہلی بیوی پائل ناتھ سے طلاق کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت تھا، جس کے ختم ہونے کے بعد دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔

عمر عبداللہ اور پائل ناتھ کی شادی 1994 میں ہوئی تھی۔ ان کے دو بیٹے ظاہر اور ضمیر عبداللہ ہیں۔ دونوں کے درمیان علیحدگی کے بعد ازدواجی رشتے کے خاتمے اور دیگر معاملات کو طے کرنے کے لیے عدالت میں طویل قانونی لڑائی چلی، جو جولائی 2026 میں ختم ہوئی۔ عمر عبداللہ کی عمر 56 سال اور ندھی رازدان کی عمر 49 سال ہے۔ دونوں کی یہ دوسری شادی ہے۔ ندھی اس سے پہلے دہلی کے ایک معروف نغمہ نگار اور صحافی سے شادی کرچکی ہیں۔ وہ معروف ٹی وی نیوز اینکر رہی ہیں اور این ڈی ٹی وی کے ساتھ بھی کام کرچکی ہیں۔

نئی جوڑی نے 31 اکتوبر 2026 کو اپنی شادی کا باضابطہ اعلان کیا اور سوشل میڈیا پر نجی تقریب کی تصاویر بھی شیئر کیں۔ دونوں کی مشترکہ پوسٹ میں عمر عبداللہ نے لکھا، ’’کل ایک نئے سفر کی شروعات ہوئی۔‘‘ دوسری جانب ندھی رازدان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے مخصوص بے تکلف انداز میں لکھا، ’’یہ ہوگیا بھائی۔‘‘ یہ شادی 31 جولائی 2026 کو سپریم کورٹ کی جانب سے عمر عبداللہ اور پائل ناتھ کی تقریباً 30 سالہ شادی ختم کرنے کے فیصلے کے تین ماہ بعد ہوئی ہے۔ عدالت نے آئین کے آرٹیکل 142 کے تحت طلاق کی منظوری دی تھی۔ دونوں فریقوں نے طویل عرصے سے جاری ازدواجی تنازع کو باہمی رضامندی سے طے کرلیا تھا۔

گزشتہ چند ماہ کے دوران اس جوڑے کو کئی عوامی تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔ ان میں دہلی ہاف میراتھن اور جموں و کشمیر انٹرنیشنل فلم فیسٹیول بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق، شادی کی تقریب 30 اکتوبر کو سری نگر کے ہری نواس پیلس میں منعقد ہوئی، جس میں دونوں خاندانوں کے قریبی افراد اور دوستوں نے شرکت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس شادی کی قانونی کارروائی اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت دہلی کی ایک عدالت میں مکمل کی گئی۔

اس سلسلے میں اگست 2026 میں قانونی عمل شروع ہوا تھا اور ستمبر کے آخر تک تمام ضروری کارروائیاں مکمل کرلی گئی تھیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسپیشل میرج ایکٹ کے تحت شادی کے اندراج سے پہلے سری نگر کے ہری نواس پیلس میں دونوں خاندانوں کی موجودگی میں نکاح کی رسم بھی ادا کی گئی۔ شادی کے بعد تقریبات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اطلاعات کے مطابق، 31 اکتوبر کی شام 7 بجے دہلی کے ایک نجی ہوٹل میں پہلا استقبالیہ منعقد ہوگا۔ اس کے بعد اگلے ہفتے جموں اور پھر سری نگر میں بھی استقبالیہ تقریبات رکھی جائیں گی۔