پٹنہ، : بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے ریاستی سطح پر منعقدہ عوامی شکایات کے ازالے کے پروگرام ’سہیوگ شیور‘ کے دوران معاملات نمٹانے میں مبینہ لاپرواہی برتنے کے الزام میں 15 افسران کو معطل کردیا ہے۔ حکام نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ وزیر اعلیٰ دفتر (سی ایم او) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، معطل کیے گئے افسران میں مختلف اضلاع کے سرکل افسران (سی او)، بلاک ڈیولپمنٹ افسران (بی ڈی او)، انجینئرز اور دیگر سرکاری ملازمین شامل ہیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ معطل ہونے والوں میں مونگیر کے جے پرکاش اور ارچنا کماری، بھوجپور کے روی رنجن، کٹیہار کے سنجیو کمار، بھاگلپور کے سنتوش کمار سمن، ارریہ کے پنکج کمار، گیا جی کے رمیش کمار، جہان آباد کے رنجیت کمار اپادھیائے، سپول کی پرینکا سنگھ اور وینا ویشالی، شیخ پورہ کے روہت کمار دوبے، مظفر پور کے بھولا ناتھ، مغربی چمپارن کے شیام بابو رائے، سیتامڑھی کے پون کمار اور گوپال گنج کے شبھم کمار شامل ہیں۔ ان افسران کے خلاف محکمہ محصولات و اراضی اصلاحات، محکمہ دیہی ترقی، محکمہ شہری ترقی و مکانات اور محکمہ صحت عامہ انجینئرنگ سے متعلق معاملات میں کارروائی کی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی جواب دہی یقینی بنائیں اور عام لوگوں کی شکایات کا مقررہ وقت کے اندر ازالہ کریں۔ انہوں نے اس سے پہلے بھی افسران کو تاکید کی تھی کہ وہ شہریوں کے ساتھ احترام سے پیش آئیں اور ان کے مسائل جلد حل کریں۔ ایک سینئر افسر نے بتایا، ’’حکومت کا مقصد ہر شہری کی شکایت کا شفاف، غیر جانب دارانہ اور مقررہ وقت کے اندر ازالہ یقینی بنانا ہے۔
ریاست کے تمام افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شہریوں کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں اور ان کے مسائل جلد از جلد حل کریں۔‘‘ حکام کے مطابق، ’سہیوگ شیور‘ کے ذریعے اب تک بڑی تعداد میں لوگوں کے مسائل حل کیے جاچکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جن درخواست گزاروں کو اپنی شکایات پر کیے گئے فیصلوں سے اطمینان نہیں ہے، ان کے معاملات کا دوبارہ جائزہ لینے اور انہیں انصاف دلانے کے مقصد سے ریاستی سطح پر ’سہیوگ پروگرام‘ شروع کیا گیا ہے۔