اوڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نے دیوالی تقریب منسوخ کر دی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 07-11-2026
اوڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نے دیوالی تقریب منسوخ کر دی
اوڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نے دیوالی تقریب منسوخ کر دی

 



بھونیشور: اوڈیشہ کے وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی نے سمندری طوفان ’ارناب‘ اور اس کے بعد ریاست کے کئی علاقوں میں آنے والے سیلاب سے ہونے والی تباہی اور متاثرہ لوگوں کی مشکلات کے پیش نظر اس سال اپنی رہائش گاہ پر دیوالی کی تقریب منعقد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کے دفتر (سی ایم او) نے ایک بیان میں کہا کہ ماجھی کی رہائش گاہ پر دیوالی کی تقریب منسوخ کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع پر تحائف یا پھولوں کے گلدستے لے کر نہ آئیں۔ وزیر اعلیٰ کے دفتر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’وزیر اعلیٰ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آفات سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی مشکلات کے تئیں حساسیت کا مظاہرہ کریں اور ان کی مدد کے لیے آگے آئیں۔‘‘

اس سے پہلے ماجھی نے اکتوبر میں شدید بارش کے باعث فصلوں کو پہنچنے والے نقصان سے متاثر کسانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے درگا پوجا کی تقریبات میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔ وہ درگا پوجا کے پنڈالوں میں بھی نہیں گئے تھے۔

سمندری طوفان ’ارناب‘ کے نتیجے میں ہونے والی شدید بارش اور اس کے بعد آنے والے سیلاب سے ریاست کے جنوبی اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ہزاروں لوگوں کو اپنے گھر چھوڑنے پڑے ہیں اور املاک و فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔