وکلا کے خلاف سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد، دہلی ہائی کورٹ کا مرکز کو کارروائی کا حکم

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 18-11-2026
وکلا کے خلاف سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد، دہلی ہائی کورٹ کا مرکز کو کارروائی کا حکم
وکلا کے خلاف سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد، دہلی ہائی کورٹ کا مرکز کو کارروائی کا حکم

 



نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے بدھ کے روز مرکزی حکومت سے کہا کہ وہ معطل دہلی پولیس کے اے سی پی منسوی وششٹھ اور ایک دیگر پولیس اہلکار کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے وکلا کے خلاف پوسٹ کیے گئے مبینہ قابل اعتراض مواد کا جائزہ لے اور قانون کے مطابق مناسب کارروائی کرے۔ ہائی کورٹ وکلا کی جانب سے دائر مفاد عامہ کی عرضی (پی آئی ایل) کی سماعت کر رہی تھی، جس میں اے سی پی وششٹھ اور دیگر پولیس اہلکاروں کے خلاف وکلا کو مبینہ طور پر دھمکیاں دینے، خوف زدہ کرنے اور توہین آمیز تبصرے کرنے پر کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ قائم مقام چیف جسٹس نتن واسودیو سامبرے اور جسٹس سنجے شرما پر مشتمل بنچ کو مرکزی حکومت کے وکیل نے بتایا کہ وششٹھ کے خلاف محکمانہ کارروائی پہلے ہی شروع کی جاچکی ہے اور چارج شیٹ منظوری کے لیے وزارت داخلہ کو بھیج دی گئی ہے۔

مرکزی حکومت کے وکیل نے مزید کہا کہ وزارت داخلہ مناسب وقت میں چارج شیٹ پر غور کرکے اسے منظور کرسکتی ہے۔ انہوں نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے میں چار ہفتوں کے اندر اسٹیٹس رپورٹ داخل کردی جائے گی۔ وششٹھ اور سب انسپکٹر وشال یادو کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے حوالے سے سرکاری وکیل نے کہا کہ اگر درخواست گزار متعلقہ مواد فراہم کرتے ہیں تو حکام فوری طور پر اس کا جائزہ لیں گے اور قانون کے مطابق قابل اعتراض پوسٹس ہٹانے کے لیے مناسب اقدامات کریں گے۔

اس پر بنچ نے اپنے حکم میں کہا کہ درخواست گزار کو اجازت دی جاتی ہے کہ وہ عرضی میں پہلے سے پیش کردہ مواد کے علاوہ کوئی اضافی مواد بھی 48 گھنٹوں کے اندر مرکزی وزارت داخلہ کے وکیل کو فراہم کرسکتے ہیں، تاکہ حکومت اس کا جائزہ لے کر ضرورت پڑنے پر مناسب کارروائی کرسکے۔ یہ تنازع 23 اکتوبر کو شاہدرہ پولیس اسٹیشن میں پیش آنے والے واقعے سے شروع ہوا تھا، جہاں ایک جھگڑے کے دوران ایڈوکیٹ للت بنسل کے سر پر مبینہ طور پر شدید چوٹ آئی تھی۔

عدالت نے جواب دہندگان کو عرضی کے جواب میں چار ہفتوں کے اندر اپنے جوابی حلف نامے داخل کرنے کی بھی اجازت دے دی ہے۔ معاملے کی آئندہ سماعت 3 فروری 2027 کو مقرر کی گئی ہے۔ یہ عرضی ایڈوکیٹ کرن بیر سنگھ نے دائر کی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جن میں وششٹھ وکلا کے خلاف دھمکی آمیز اور توہین آمیز بیانات دیتے دکھائی دیتے ہیں۔ عرضی کے مطابق مبینہ طور پر انہوں نے کہا تھا کہ جو وکلا گروپ کی شکل میں پولیس اسٹیشن آئیں گے، انہیں حراست میں لیا جاسکتا ہے اور ان کے خلاف فوجداری کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔

درخواست میں وشال یادو کی ایک مبینہ ویڈیو کا بھی ذکر کیا گیا، جس میں انہوں نے ایک وکیل کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے انہیں ہاتھ لگایا تو وہ ان پر اے کے 47 رائفل سے فائرنگ کردیں گے۔ عرضی گزاروں نے عدالت سے یہ بھی درخواست کی تھی کہ مرکزی حکومت کو دونوں پولیس اہلکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے قابل اعتراض ویڈیوز اور دیگر مواد ہٹانے کی ہدایت دی جائے۔

وکلا کا الزام تھا کہ ان کے خلاف ’’اے کے 47 کے استعمال‘‘ اور ’’کالے کوٹ کے غنڈے‘‘ جیسے توہین آمیز الفاظ استعمال کیے گئے۔ 23 اکتوبر کے واقعے کے بعد پولیس اسٹیشن میں وکلا اور پولیس اہلکاروں کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی تھی، جس کے نتیجے میں ضلعی عدالتوں کے وکلا نے غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کردی تھی، تاہم بعد میں یہ ہڑتال ختم کردی گئی۔ 28 اکتوبر کو دہلی پولیس نے منسوی وششٹھ کا تبادلہ کردیا تھا، جو اس وقت گاندھی نگر میں سب ڈویژنل پولیس افسر (ایس ڈی پی او) کے عہدے پر تعینات تھے۔ انہیں اسپیشل پولیس یونٹ فار ویمن اینڈ چلڈرن (ایس پی یو ڈبلیو اے سی) بھیج دیا گیا تھا۔ شاہدرہ پولیس اسٹیشن کے اس وقت کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) انسپکٹر ارون کمار کا بھی تبادلہ کرکے انہیں سکیورٹی یونٹ میں تعینات کردیا گیا تھا۔