چھترپتی سمبھاجی نگر: راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے بدھ کے روز کہا کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت نہیں چاہتی کہ ہندوستان ترقی کرے، کیونکہ عالمی طاقتیں اپنا غلبہ برقرار رکھنا اور دوسروں کو دباؤ میں رکھنا چاہتی ہیں۔ وہ ’جس کی لاٹھی اس کی بھینس‘ کے اصول کے بجائے ’بقا اسی کی جو طاقتور ہے‘ (سروائیول آف دی فٹسٹ) کے نظریے پر یقین رکھتی ہیں۔ وہ مہاراشٹر کے شہر چھترپتی سمبھاجی نگر میں پانچویں پدما مہوتسو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
مقامی ادارے گیان یگیہ فاؤنڈیشن نے 3 روزہ پدما مہوتسو کا اہتمام کیا ہے، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پدم ایوارڈ یافتگان ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوتے ہیں اور لوگوں سے اپنے تجربات اور خیالات کا تبادلہ کرتے ہیں۔ موہن بھاگوت نے کہا کہ ہندوستان سب کی مدد کرنا چاہتا ہے اور ان ملکوں کی بھی مدد کرتا ہے جو اس سے نفرت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’دنیا کی کوئی بھی طاقت نہیں چاہتی کہ ہندوستان آگے بڑھے، کیونکہ وہ صرف اپنا غلبہ قائم رکھنا چاہتی ہیں اور ’سروائیول آف دی فٹسٹ‘ کے اصول پر یقین رکھتی ہیں۔ وہ سب کو دباؤ میں رکھنا چاہتی ہیں۔ اگر ہندوستان ترقی کرتا ہے تو ان کی دکانیں بند ہو جائیں گی، کیونکہ ہندوستان سب کی مدد کرنا چاہتا ہے۔
ہندوستان اپنے ان پڑوسی ملکوں کی بھی مدد کرتا ہے جو اس سے نفرت کرتے ہیں۔‘‘ آر ایس ایس سربراہ نے کہا کہ نوجوان نسل غلامی کی ذہنیت سے آزاد ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اگر کوئی سچی بات کہتا ہے تو نوجوان اس کے ساتھ کھڑے ہونے کے لیے تیار رہتے ہیں۔ وہ جھوٹ سے نفرت کرتے ہیں اور اپنے ملک کو عظیم بنانا چاہتے ہیں۔‘‘
تقریب میں موہن بھاگوت کے ساتھ اسٹیج پر موجود سابق چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل انیل چوہان (ریٹائرڈ) نے کہا کہ نوجوان ’ترقی یافتہ ہندوستان‘ کی تعمیر میں سب سے بڑا کردار ادا کریں گے اور اس کے سب سے بڑے فائدہ اٹھانے والے بھی ہوں گے۔ مہوتسو کی افتتاحی تقریب شہر کے بیڈ بائی پاس روڈ پر واقع ایم آئی ٹی کیمپس کے منتھن ہال میں منعقد ہوئی۔ منتظمین کے مطابق بدھ کی دوپہر سے منتھن ہال میں پدم شری ایوارڈ یافتگان کے ساتھ تبادلہ خیال کے سیشن بھی شروع ہوں گے۔