نئی دہلی، گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے جمعہ کو ’شرمک انّ پورنا یوجنا‘ کے تحت 101 نئے کھانے کے مراکز کا افتتاح کیا۔ اس کے ساتھ ہی تعمیراتی مزدوروں کو رعایتی قیمت پر کھانا فراہم کرنے والی اس اسکیم کا دائرہ ریاست کے تمام اضلاع تک پھیل گیا ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق، نئے مراکز شروع ہونے کے بعد گجرات کے تمام 34 اضلاع میں اس اسکیم کے تحت چلنے والے کھانے کی تقسیم کے مراکز کی مجموعی تعداد بڑھ کر 394 ہو گئی ہے۔ گجرات بلڈنگ اینڈ ادر کنسٹرکشن ورکرز ویلفیئر بورڈ نے 2017 میں ’شرمک انّ پورنا یوجنا‘ شروع کی تھی۔ اس اسکیم کے تحت تعمیراتی مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کو فی کس پانچ روپے میں غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔
بیان کے مطابق، اسکیم کے نئے مراکز کے آغاز کے موقع پر وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے احمد آباد میں چانکیہ پوری پل کے قریب واقع انّ پورنا مرکز میں مزدوروں کو کھانا پیش کیا۔ انہوں نے رضاکارانہ سماجی خدمت میں حصہ لینے کے ساتھ مزدوروں سے بات چیت بھی کی۔
سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی عوامی خدمت کے 25 سال، ان کی لگن اور بہتر حکمرانی کے اعتراف میں مختلف فلاحی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ تعمیراتی مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کو مناسب قیمت پر غذائیت سے بھرپور کھانا فراہم کرنے کے مقصد سے چلائی جانے والی اس اسکیم کے تحت ’خدمت ہی عبادت ہے‘ کے رہنما اصول پر عمل کرتے ہوئے 101 نئے مراکز شروع کیے گئے ہیں۔ ان مراکز کا افتتاح ریاست کے مختلف اضلاع میں وزرا، ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی کی موجودگی میں کیا گیا۔