نئی دہلی: بہترین معاون اداکار کے قومی فلم ایوارڈ سے نوازے جا چکے اداکار سنجے مشرا ان دنوں اپنی خودنوشت لکھ رہے ہیں، جو جلد ہی ’ہم سیکھتے سیکھتے رہ گئے‘ کے عنوان سے شائع ہوگی۔ سنجے مشرا نے جمعہ کو اپنی کتاب کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلی بار کتاب کے ذریعے اپنی زندگی کے ان ان کہے واقعات، جدوجہد، تجربات اور ان سے ملنے والے اسباق قارئین کے ساتھ شیئر کریں گے، جو اب تک پردے کے پیچھے رہے ہیں۔ سنجے مشرا کو حال ہی میں فلم ’بھکشک‘ کے لیے بہترین معاون اداکار کا قومی فلم ایوارڈ دیا گیا تھا۔
انہیں یہ اعزاز صدر دروپدی مرمو کے ہاتھوں ملا تھا۔ یہ ان کی پہلی کتاب ہوگی، جسے پینگوئن سوا دیش سے شائع کیا جائے گا۔ پینگوئن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کتاب کی رونمائی اگلے سال جنوری میں ہونے والے عالمی کتاب میلے میں کی جائے گی۔ سنجے مشرا نے یہ کتاب اپنے والد کے نام وقف کی ہے۔
قومی فلم ایوارڈ حاصل کرنے کے موقع کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے لکھا، ’’راستے سے اٹھ کر رَجت کمل تک کے سفر میں کیا کھویا، کیا پایا، معلوم نہیں، لیکن پاپاجی، آپ کے سنجَیوا کو جب ’سنجے شمبوناتھ مشرا‘ کہہ کر اسٹیج پر بلایا گیا، تب آپ میرے ساتھ تھے، میری آنکھوں میں آنسو بن کر۔ سچ کہتا ہوں، سب بچھڑے ہوئے بہت یاد آئے۔‘‘