نئی دہلی: مرکزی وزیر برائے بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں سربانند سونووال نے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کے ساتھ منگل کے روز شمال مشرقی دہلی کے سونیا وہار سے جگت پوری تک تقریباً 6 کلومیٹر طویل ’نمو یمنا ریور کروز سروس‘ کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے بعد سونووال اور ریکھا گپتا نے دہلی حکومت کے وزرا کے ساتھ کروز کی سیر بھی کی۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق، اس کروز کا پورا سفر تقریباً 35 سے 45 منٹ میں مکمل ہوگا۔
مسافروں کو مقررہ راستے پر کشتی رانی کا لطف اٹھانے کا موقع ملے گا اور سفر مکمل ہونے کے بعد وہ دوبارہ اپنے ابتدائی مقام پر واپس آ سکیں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سونیا وہار میں تیار کیے گئے اس منصوبے کے تحت سیاحوں اور خاندانوں کے لیے بچوں کا پلے زون، تھیم پر مبنی میوزیکل فاؤنٹین، فوڈ کورٹ، تجارتی دکانیں اور تفریح کی دیگر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ دریائے یمنا کے قدرتی ماحول سے لطف اندوز ہونے کے لیے ایکو نیچر ٹریل اور پیدل گھومنے کے راستے بھی بنائے گئے ہیں۔ مسافروں کے لیے داخلہ فیس 50 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ کروز کے پورے سفر کا کرایہ 500 روپے ہوگا۔ اس منصوبے کے تحت سونیا وہار سے جگت پوری تک کے علاقے میں تفریحی کروز اور فیری سروسز تیار کی گئی ہیں۔
سونیا وہار میں ایک مکمل ساحلی ٹرمینل بھی قائم کیا گیا ہے۔ اس پہل کا مقصد ماحول دوست ٹرانسپورٹ، شہری سیاحت اور عوامی سہولتوں کو فروغ دے کر دہلی کے قدرتی اور ثقافتی ورثے کو نئی شناخت دینا ہے۔ منصوبے کے تحت دریائے یمنا میں 30 مسافروں کی گنجائش والا ایک الیکٹرک کروز شروع کیا گیا ہے۔ اسی گنجائش والا دوسرا الیکٹرک کروز فروری-مارچ 2027 تک شروع کیے جانے کا منصوبہ ہے۔