میرٹھ،: اتر پردیش کے میرٹھ میں ’نیلے ڈرم‘ قتل معاملے کے نام سے مشہور سوربھ راجپوت قتل کیس میں قصوروار قرار دی گئی اس کی بیوی مسکان اور اس کے عاشق ساحل کو مقامی عدالت نے سزائے موت سنائی ہے۔ ضلع سرکاری وکیل (فوجداری) کے کے چوبے نے بتایا کہ ضلع جج اروند کمار مشرا کی عدالت میں بدھ کو سزا کے معاملے پر سماعت ہوئی، جس کے بعد دونوں قصورواروں کو پھانسی کی سزا سنائی گئی۔ فیصلے کے وقت سوربھ کی والدہ رینو، خالہ، بھائی اور خاندان کے دیگر افراد بھی عدالت میں موجود تھے۔ چوبے کے مطابق، سوربھ راجپوت قتل معاملے میں 30 ستمبر کو قصوروار قرار دیے گئے مسکان اور ساحل کو جیل سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
اس کے بعد سزا پر بحث ہوئی اور دونوں کو اپنا موقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا۔ سماعت کے دوران جج نے دونوں سے پوچھا کہ کیا وہ سزا کے بارے میں کچھ کہنا چاہتے ہیں۔ جیل انتظامیہ کے مطابق، مسکان اور ساحل کو الگ الگ عدالت میں پیش کیا گیا اور دونوں نے اپنا موقف رکھا۔ سینئر جیل سپرنٹنڈنٹ وریش راج شرما نے بتایا کہ سماعت مختصر رہی۔ عدالت نے دونوں سے مختلف پہلوؤں پر سوالات کیے، جن میں فرانزک رپورٹ سے متعلق سوالات بھی شامل تھے۔
تاہم، انہوں نے سوالات کی تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا۔ سزا سنائے جانے سے پہلے سوربھ کی والدہ رینو نے صحافیوں سے کہا کہ بیٹے کے قتل کے بعد ان کے خاندان نے انصاف حاصل کرنے کے لیے ہر سطح پر کوشش کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسکان اور ساحل کو پھانسی کی سزا ملے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے اس معاملے میں تعاون کرنے والے انتظامیہ کے اہلکاروں اور دیگر لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔
جیل سپرنٹنڈنٹ شرما کے مطابق، عدالت کا فیصلہ سنائے جانے سے پہلے دونوں قصوروار کافی پریشان اور بے چین نظر آ رہے تھے۔ انہوں نے منگل کی رات اور بدھ کی صبح بہت کم کھانا کھایا تھا اور گزشتہ چند دنوں سے ٹھیک طرح سو بھی نہیں پا رہے تھے۔ واضح رہے کہ 3 مارچ 2025 کی رات سوربھ راجپوت کا قتل کر دیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق، مسکان نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کو نشہ آور چیز دے کر بے ہوش کیا اور پھر ساحل کی مدد سے چاقو سے وار کرکے اسے قتل کر دیا۔ قتل کے بعد لاش کے ٹکڑے کیے گئے اور انہیں ایک نیلے ڈرم میں ڈال کر سیمنٹ سے بند کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق، واردات کے بعد مسکان اور ساحل ہماچل پردیش چلے گئے تھے۔ پولیس نے دونوں کو 18 اور 19 مارچ 2025 کو گرفتار کیا تھا۔ مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ نے عدالت میں گواہوں کے بیانات اور شواہد پیش کیے۔ تقریباً 126 تاریخوں تک جاری رہنے والی سماعت کے بعد عدالت نے 30 ستمبر کو مسکان اور ساحل کو قتل کا قصوروار قرار دیا تھا۔