یوپی میں اگلے چھ ماہ میں ایک لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو سرکاری نوکری دیں گے: یوگی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 19-09-2026
یوپی میں اگلے چھ ماہ میں ایک لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو سرکاری نوکری دیں گے: یوگی
یوپی میں اگلے چھ ماہ میں ایک لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو سرکاری نوکری دیں گے: یوگی

 



لکھنؤ: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کو کہا کہ ریاست میں اگلے چھ ماہ کے اندر ایک لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو سرکاری ملازمت دی جائے گی۔ لکھنؤ میں اتر پردیش پبلک سروس کمیشن (یو پی پی ایس سی) اور اتر پردیش سب آرڈینیٹ سروس سلیکشن کمیشن (یو پی ایس ایس ایس سی) کے ذریعے مختلف محکموں میں منتخب 818 امیدواروں کو تقرری نامے تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوگی نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے نو برسوں میں مکمل شفافیت کے ساتھ ساڑھے 9 لاکھ نوجوانوں کو تقرری نامے دیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے اکھلیش یادو کی قیادت والی سابق سماج وادی پارٹی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا، ’’2017 سے پہلے جن لوگوں نے تقرری ناموں کی تقسیم میں گڑبڑی کی تھی، میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ یہ بات نوٹ کرلیں۔ آج سے دوبارہ تقرری نامے تقسیم کیے جا رہے ہیں اور اگلے چھ ماہ کے اندر اتر پردیش میں ایک لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو سرکاری ملازمت دی جائے گی۔ وہ (اپوزیشن) گنتی کرتے رہیں، ہم (نوکریاں) دیتے جائیں گے۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے 2017 سے پہلے ریاست کی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت اتر پردیش کے بارے میں لوگوں کی رائے کیا تھی، ہر دوسرے دن فساد ہوتا تھا، کئی کئی ماہ تک کرفیو رہتا تھا اور کوئی بھی شخص خود کو محفوظ محسوس نہیں کرتا تھا۔

یوگی نے الزام لگایا کہ اس وقت کی حکومت نے بھرتی بورڈز اور کمیشنوں میں اپنے رشتہ داروں کو تعینات کرکے پورے تقرری کے عمل کو بدنام کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا، ’’اس وقت ایک بھی بھرتی ایمانداری سے نہیں ہوتی تھی۔ نوجوان ریاست سے ہجرت کرنے پر مجبور ہوتا تھا۔ اس کے سامنے ایک طرف کنواں تھا تو دوسری طرف کھائی، کیونکہ اتر پردیش میں روزگار نہیں تھا اور ریاست سے باہر اسے اپنی شناخت کے بحران کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔‘‘

وزیر اعلیٰ نے مشن روزگار کے تحت منتخب امیدواروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ تقرری کا پورا عمل مقررہ وقت کے اندر شفاف طریقے سے مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھرتی بورڈز اور کمیشن حکومت کی سیاست کا شکار نہیں ہوتے اور امتحانات و بھرتی کا عمل شفاف اور غیر جانب دار طریقے سے مکمل کیا جاتا ہے، جس کے نتائج اب سامنے آ رہے ہیں۔ تقریب سے آیوش کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) دیا شنکر مشرا ’دیالو‘، پارلیمانی امور کے وزیر مملکت مَینکیشور شرن سنگھ اور مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے وزیر مملکت ہنس راج وشوکرما نے بھی خطاب کیا۔