حیدرآباد: جدید عراقی شاعری عربی ادب کا ایک اہم فکری اور ادبی سرمایہ ہے۔ بدر شاکر السیاب، عبد الوہاب البیاتی اور نازک الملائکہ وہ ممتاز شعرا ہیں جنہوں نے عربی شاعری کو روایتی قصیدہ گوئی کے دائرے سے نکال کر انسانی زندگی کے پیچیدہ مسائل، اجتماعی شعور، انفرادی احساسات اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا۔ ان شعرا نے جدید عربی شاعری کی تشکیل اور ارتقا میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد کے شعبہ عربی کی سینئر پروفیسر اور صدر ڈاکٹر سیدہ طلعت سلطانہ نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) کے شعبہ عربی کے زیر اہتمام منعقدہ ایک توسیعی خطبے میں کیا۔اس پروگرام کا انعقاد اسکول آف لینگویجز، لسانیات و ہندوستانیات کے کانفرنس ہال میں ’’بیسویں صدی میں جدید عراقی عربی شاعری کے رجحانات‘‘ کے موضوع پر کیا گیا۔ پروفیسر سیدہ طلعت سلطانہ نے مہمان مقرر کی حیثیت سے شرکت کی۔
پروگرام کے آغاز میں شعبہ عربی کے صدر ڈاکٹر سعید بن مخاشن نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ بدر شاکر السیاب، عبد الوہاب البیاتی اور نازک الملائکہ نے عربی ادب میں نئے شعری اسلوب اور فکری رجحانات کی بنیاد رکھی۔ ان کی شاعری نے کلاسیکی روایات سے استفادہ کرتے ہوئے جدید موضوعات اور انسانی تجربات کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔اپنے توسیعی خطبے میں پروفیسر سیدہ طلعت سلطانہ نے بیسویں صدی کی عراقی شاعری کے تاریخی پس منظر، فکری و فنی رجحانات اور جدید شعری تحریکوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید عراقی شاعری میں عراق کے سیاسی، سماجی اور تہذیبی شعور کی بھرپور عکاسی ہوتی ہے۔ اس شاعری میں قومی احساسات اور انسانی تجربات کو مؤثر شعری اظہار ملا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عراقی شعرا نے کلاسیکی شعری روایت سے استفادہ کرتے ہوئے جدید فکری موضوعات اور فنی تجربات کو اپنایا جس کے نتیجے میں عربی شاعری کو نئی جہتیں حاصل ہوئیں۔اس موقع پر اسکول آف لینگویجز کی ڈین پروفیسر گلفشاں حبیب نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اس نوعیت کے علمی خطبات طلبہ کو نصابی تعلیم سے آگے بڑھ کر زبان و ادب کے وسیع علمی منظرنامے سے روشناس کراتے ہیں۔ ایسے پروگرام طلبہ میں تحقیقی ذوق اور تنقیدی شعور پیدا کرنے کے ساتھ علمی تبادلے کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔
اسکول آف لینگویجز کی ایسوسی ایٹ ڈین پروفیسر شگفتہ شاہین نے بھی پروگرام کی علمی اہمیت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جدید عربی شاعری کا مطالعہ عرب دنیا کی فکری، سماجی اور تہذیبی تبدیلیوں کو سمجھنے کا اہم ذریعہ ہے۔ طلبہ کو کلاسیکی عربی ادب کے ساتھ جدید ادبی تحریکوں اور شعری تجربات کا بھی گہرائی سے مطالعہ کرنا چاہیے۔پروگرام کی نظامت شعبہ عربی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر طلحہ فرحان نے کی جبکہ ڈاکٹر شمس الدین نے کلمات تشکر ادا کیے۔اس موقع پر شعبہ فارسی کے صدر پروفیسر محمد افتخار عالم، شعبہ ہندی کے صدر پروفیسر عبدالرحیم پٹھان، ڈاکٹر جاوید ندیم ندوی، ڈاکٹر آصف لئیق ندوی سمیت دیگر اساتذہ، ریسرچ اسکالرز اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔