نئی دہلی: پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے جمعرات کو جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے اپیل کی کہ وہ سیاست دانوں اور ماحولیات کے ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دیں، جو امرناتھ یاترا کے راستے پر شیش ناگ جھیل کے قریب تعمیراتی مقام کا دورہ کرکے وہاں کی صورت حال کا جائزہ لے۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ امرناتھ یاترا کے راستے اور شیش ناگ جھیل کے آس پاس موجود نازک ماحولیاتی نظام کا تحفظ کیا جانا چاہیے، تاکہ مقدس غار میں قدرتی طور پر بننے والا برف کا شیو لنگم ہر سال اسی طرح بنتا رہے۔ محبوبہ مفتی نے یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’وزیر اعلیٰ کو حقائق کا پتہ لگانے کے لیے ایک ٹیم تشکیل دینی چاہیے، جس میں ماحولیات کے ماہرین اور سیاسی رہنما شامل ہوں۔
یہ ٹیم شیش ناگ میں زمینی صورت حال کا جائزہ لے۔‘‘ جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر تعمیراتی کام نہیں رکا تو کیا وہ قانونی راستہ اختیار کریں گی، تو جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کو پہلے انہیں اس مقام کا دورہ کرنے کی اجازت دینی چاہیے۔